آئو بھنگڑا ڈالیں
ہم اشرف المخلوقات ہیں کیوں غذا کے محتاج ہوں، موسیقی روح کی غذا ہے اسی پر گزارہ کریں گے، اس لئے آئو بھنگڑا ڈالیں اور سب غم، مصائب بھلا دیں۔ 76 سال گزار دیئے ’پباںبھار‘ اور بھی گزر جائیں گے، ہمارے بے شمار ساتھی تو ملک ہی چھوڑ گئے وہاں پر بریک ڈانس کریں گے اور ڈالر پونڈ کمائیں گے، ہم اپنے 76 سالہ فن کی آبیاری کریں گے کہ ڈھول کا کام ہے بجنا اور ڈھولی کا کام ہے ضرب پر ضرب لگانا۔ پورا ملک تھرک رہا ہے، اس لئے ہمارے مہربان سازندو، ساز کی لے تیز کرو ہم تمہاری ہر ادا پر، ہر چوٹ پر اس جنگل میں مور کی طرح ناچیں گے، یہی انداز مناسب ہے کہ ہم بھی خوش، تم بھی خوش، کون کہتا ہے کہ ہمارے چمن میں بہار نہیں، بہار ہی تو خزاں کو نچا رہی ہے، جب بھی ہماری گلیاں ویران ہونے لگتی ہیں چٹی چمڑی والا مرزا یار ان میں لڈیاں ڈالتا ہے، یہی مرزا یار ہی تو ہماری کشتی کسی’ ڈھٹے کھوہ ‘کے کنارے لگائے گا، آئو زور سے بھنگڑا ڈالیں تاکہ بدیسی مرزا یار تو اپنا رخ بدلے، ہمارے سارے مرزوں کا پائوں اسی مسٹر مرزا یار کے پائوں میں، اور ہم سب معلق ہیں تارِ عنکبوت سے اور جوق در جوق اسی تار کے ذریعے اس عنکبوت ہائوس میں داخل ہو رہے ہیں جس کا کوئی ایگزٹ نہیں۔ چینی قوم سے یاری لگائی پھر بھی ہماری چینی پوری نہ ہوئی، وہ بھی کیا کرے کہاں تک ہمارے منہ میں گلاب جامن ڈالے، یہی تو سچا یار ہے کہ ہمیں چھوڑتا نہیں، ہم مسلمان ہیں، تسبیح بھی پھیرتے ہیں، سب اللہ اللہ کرتے ہیں، یہ کیموفلاج چلتا رہے گا کہ ترقی کا وائرس اس پر اثر انداز نہیں ہوتا، اب تو یہ حال ہے ہماری مسلمانی کا بھی کہ ؎
قشقہ کھینچا دہر میںبیٹھے
کب کا ترک اسلام کیا
٭٭٭٭
نگران
ہمارا نگران تو خدا ہے،لیکن ہمارے مجازی نگران بھی اپنی بساط کے مطابق خاصے مہربان ہیں، حیرانی ہے کہ وہ سنگین حالات کے جوہڑ میں بے دھڑک کود گئے، ظاہر ہے چھلانگ لگانے سے جوہڑ کو کچھ تکلیف تو ہونا تھی کہ وہ تو ریلیف دینے آئے ہیں اور ہم بے درو دیوار لوگوں کی نگرانی کریں گے کہ آفات و بلیات کے طوفان ہمیں گزند نہ پہنچا سکیں۔ قوم کا عظیم متاثرہ حصہ نگرانوں سے اتنی توقع بھی نہ رکھے کہ ان کے بس میں نہ ہو اسے پورا کرنا، بس اپنی زبوں حالی کے دائرے میں رہیں تاکہ وہ یہ کہنے پر مجبور نہ ہوں کہ پپو یار تنگ نہ کر، ہم تو شفاف الیکشن اور سرسری دیکھ بھال کے لئے آئے ہیں، کریڈٹ تو اس ہستی کو جاتا ہے جس نے ہمیں چن لیا، بہرحال ہمیں اپنے نگران وزیراعظم پر فخر ہے کہ وہ انگریزی بہت اچھی بولتےہیں، ان کے انداز میں صوفیانہ رنگ بھی ہوتاہے، لوگ باگ ان پرتعمیری تنقید کریں، منفی نہیں کہ وہ کھلے دل کے مالک ہیں، جب تک وہ ہیں میزبانی کیجئے ان کے مہمان بننے کی کوشش نہ کریں، وہ جو کر رہے ہیں، اچھا کر رہے ہیں، جب آپ کو مستقل منتخب حکمران ملیں تو ان سے بھی کوئی مطالبہ کریں نہ سوال، یہ باتیں ان کے پانچ سال پورے ہونے پر اٹھا رکھیں، فوج کے سپہ سالار کی طرف سے ٹھنڈی ہوا کا ایک جھونکا چل پڑا ہے، جلد ہم تک پہنچ جائے گا، اب ہمارے پاس یہی ایک کرن رہ گئی ہے، اس لئے لوگو! اپنی عساکر کی قدر کرو کہ ہر درد کی دوا ہیں۔
٭٭٭٭
محکمہ تعلیم کو آواز دو کہاں ہے؟
محکمہ تعلیم محکم ہے فعال نہیں، اس کی اجازت سے بھی سکول کھلتے ہیں اور اجازت نہ دینے سے بھی، کہیں تعلیم بھی سکینڈلائز تو نہیں ہوگئی، ایک سکول جو رجسٹرڈ بھی نہ تھا، اس کے پرنسپل نے کہا مجھے پھانسی دیدو، شاید اس لئے کہ اسے یقین ہے کہ پھانسی نہیں دی جائے گی، بلکہ یہ معاملہ بھی بہاولپور یونیورسٹی کی طرح شواہد نہ ہونے کی باعث ٹھپ ہو جائے گا۔ شاید ہم نے چودھری شجاعت کے جملے’ مٹی پائو‘ کا غلط مطلب لے لیا ہے۔ ہمارے ہاں کسی بھی دور میں حکومتوں نے تعلیم کے شعبے سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا، آج یہ حال ہے کہ دکانوں کی طرح اکیڈمیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں، اگر تعلیمی اداروں میں تعلیم تسلی بخش ہوتی تو اکیڈمیز کی ضرورت ہی طلبہ کو نہ پڑتی۔ وزارت تعلیم سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں کو ان کی حقیقی شکل دے، ٹیوشن اور اکیڈمی کلچر کو ختم کرے اور کسی سکول کالج کو اجازت نامہ جاری کرنے سے پہلے اچھی طرح چانچ پڑتال کرے، چونکہ غلطی پکڑی جاتی ہے نہ غلطی کرنے والے کو سزا ملتی ہے، جرم کرنے والوں کو معلوم ہے کہ یہاں سیاہ کرو سفید کرو کوئی پوچھنے والا نہیں، عدالتیں اپنے احکامات نافذ کرنے سے قاصر، ہم من حیث القوم معذرت کے ساتھ ہنوز ایک باکردار قوم نہ بن سکے، یوں لگتا ہے کہ ایک ہجوم ہے جو اپنی ذات سے باہر نہیں نکلنا چاہتا، اگر ہم تعلیمی انحطاط کا نوٹس نہیں لیںگے تو کسی بھی شعبے میں آگے نہیںبڑھ سکیں گے، یہ نہیں کہ حکمرانوں کو ملک آگے لے جانے کا پتہ نہ تھا، وہ سب سمجھتے ہیں مگر ترجیح اپنی ذات کو اور اپنے سے مربوط افراد اور خاندانوں کو دیتے ہیں، یوں یہ ملک چند خاندانوں، مافیاز اور منظور نظر لوگوں کی جنت اور کروڑوں عوام کے لئے جہنم بنا دیا گیا۔ ضروری ہے کہ پاکستان کے غریب لوگوں کے حقوق ادا کئے جائیں۔
٭٭٭٭
دفاع پاکستان کے امین
o ...کون کہتا ہے کہ یہاں بجلی وافر نہیں، ہر فرد کو کرنٹ لگنا کیا ثابت نہیں کرتا کہ سارا وطن بجلی بجلی ہے۔
o ... دفاع وطن ایک مقدس فریضہ ہے جو پاک فورسز پوری تندہی سے انجام دے رہی ہیں، ہمارا فرض ہے کہ فوج کو احترام سے دیکھیں اور ان کی قربانیوں کے بدلے 9مئی کو آئندہ کبھی دہرانے کی جرأت نہ کریں، اس فوج دشمن وقوعے کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے، جہاں جرم کی سزا نہ ہو وہاں سے جرم ختم نہیں ہوتا بلکہ بڑھتا ہے، 6 ستمبر بزدل دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کا دن ہے، جب ہم پر جنگ مسلط کی گئی، جری پاکستان ایئر فورس نے اس حملے کو پسپا کرتے ہوئے بہادری کی بے مثال داستانیں رقم کیں، افواج پاکستان جوبری، بحری اور فضائی فورسز کا مجموعہ ہیں ہمارا حفاظتی حصار ہیں، ان کی عزت و تکریم ہم پر لازم ہے۔ شہداء اللہ کی بارگاہ میں بلند درجات پر فائز ہیں، ان کے مزارات کا احترام کریں۔
٭٭٭٭