وفاقی تحقیقاتی ادارے فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف ائی اے) کی ٹیم نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی ایکسچینج کمپنی چلانے والے ملزم کو گرفتار کرکے 70 ہزار امریکی ڈالر برامد کر لیے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی ڈپٹی ڈائریکٹر رابعہ قریشی کی ٹیم نے کارروائی کی۔
حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث ملزم سمیر کو گرفتار کیا گیا ہے جو بغیر لائسنس کے منی چینجر اور حوالہ ہنڈی کا کاروبار کر رہا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو چھاپہ مار کاروائی کے دوران دہلی کالونی کراچی سے گرفتار کیا گیا۔ چھاپے کے دوران ملزم سے 70 ہزار امریکی ڈالرز برآمد کر لئے گئے۔
ملزم کے موبائل سے ہنڈی حوالہ سے متعلق متعدد رسیدیں اور پیغامات بھی برآمد کر لئے گئے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔