• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2013 میں ہمیں سازش کے تحت پنجاب سے نکالا، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے ایک مرتبہ پھر الیکشن کمیشن سے انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ کردیا۔
بلاول بھٹو نے ایک مرتبہ پھر الیکشن کمیشن سے انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 2013 میں ہمیں سازش کے تحت پنجاب سے نکالا گیا۔ جنرل پاشا، افتخار چوہدری اور ایک سیاسی جماعت نے سازش کرکے پی پی کو پنجاب سے نکالا، بعد میں خود پنجاب سے پی پی کے نکلنے کا نقصان بھی اُٹھایا۔

 لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے نام لیے بغیر ایک بار پھر مسلم لیگ ن کو نشانے پر لے لیا اور کہا کہ ایک اتحادی سے متعلق کہا جاتا ہے کہ مشکل میں ہوں تو پاؤں پکڑتے ہیں جب مشکل سے نکل جائیں تو گلا پکڑتے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر بھی تنقید  کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں جنرل فیض، ثاقب نثار اور ایک سیاسی جماعت کا گٹھ جوڑ تھا، جو ملک کا حال ہوا سب کے سامنے ہے۔

بلاول بھٹو نے ایک مرتبہ پھر الیکشن کمیشن سے انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے سے متعلق شکایت ایک سیاسی جماعت سے ہے، پارٹی نے آصف زرداری کو اختیار دیا ہے کہ وہ اس سے متعلق تحفظات دور کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

 نیب ترامیم سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر پی پی چیئرمین نے کہا کہ یہی فیصلہ متوقع تھا، کیسز پرانے قانون کے تحت ہوں یا نئے سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن سے متعلق ابھی اپنی حتمی حکمت عملی نہیں بنائی، الیکشن کی تاریخ آئے گی تو اپنی انتخابی حکمت عملی سامنے لائیں گے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ میاں صاحب سے تو سوال نہیں ہوتا کہ کراچی میں رات نہیں گزاری تو سندھ سے آپ کی دلچسپی نہیں، افسوس ہے کہ اس کردار کشی میں ایک ہی جماعت کو نشانہ بنایا جاتا ہے، کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ پیپلز پارٹی خود کو ایک صوبے تک محدود سمجھتی ہے، ملک کے کسی حصے سے انتخاب نہ لڑنے کا یہ مطلب نہیں کہ وہ جماعت وہاں موجود نہیں، پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جس نے پنجاب سے جنم لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس میں مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی مسائل پر غور ہوا، اجلاس میں سیاسی عدم استحکام اور آئینی مسائل پر بھی بات چیت کی گئی اور زور دیا گیا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق فوری انتخابی شیڈول کا اعلان کرے۔

پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر مالی مدد کی جائے، عوام بجلی بلوں میں اضافے پر پریشان ہیں، پیپلز پارٹی نے سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین سے بھی اظہار یکجہتی کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید