• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ: تنخواہوں کا تنازع حل نہ ہوسکا، پہلی بار جونیئر اور سینئر ڈاکٹرز کی 2 روزہ ہڑتال

ڪلندن (سعید نیازی) انگلینڈ میں جونیئر ڈاکٹروں اور کنسلٹنٹس کی تنخواہوں میں اضافہ کا تنازع حل ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے اور نیشنل ہیلتھ سروس کی تاریخ میں پہلی بار جونیئر اور سینئر ڈاکٹرز ہڑتال کررہے ہیں ۔ ایمرجنسی سروس میں ڈاکٹروں کی دستیابی کے باوجود این ایچ ایس نے ہڑتالوں کو مریضوں کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔ کنسلٹنٹس نے منگل سے دو روزہ ہڑتال کا آغاز کیا جبکہ جونیئر ڈاکٹرز بدھ سے دو روزہ ہڑتال شروع کرینگے۔ہڑتال کے سبب ہسپتالوں میں نان ایمرجنسی آپریشنز اور اپوائنمنٹس کا نظام بری طرح متاثر ہوگا۔ کنسلٹنٹس اپنی48گھنٹوں کی ہڑتال کے دوران کرسمس ڈے کی طرح کا کور فراہم کرینگے، اسی طرح کی صورت حال جونیئر ڈاکٹرز کی ہڑتال کے موقع پر ہوگی۔ این ایچ ایس میں تقریباً ڈاکٹروں کی نصف تعداد جونیئر ڈاکٹروں پر مشتمل ہے۔ این ایچ ایس انگلینڈ کےمیڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر سر اسٹیفن پورس کا کہنا ہے کہ این ایچ ایس کو اتنی بڑی ہڑتال کا کبھی سامنا نہیںرہا اور ان حالات سے نمٹنا چیلنج ہوگا۔ جبکہ این ایچ ایس کنفیڈریشن کے میتھیو ٹیلر کا کہنا تھا کہ وزرا ہڑتالوں کے خطرات کو کم سمجھ رہے ہیں جبکہ ان سے صورت حال خطرناک ہو سکتی ہے۔ ہڑتالوں سے بعض مریضوں کی اپوائنمنٹ دوسری یا تیسری مرتبہ منسوخ ہوگی۔ اپنے مطالبات کے حق میں کنسلٹنٹس کی یہ تیسری اور جونیئر ڈاکٹروں کی چھٹی ہڑتال ہے۔ گزشتہ برس دسمبر سے ہڑتالوں کے سبب 10 لاکھ اپوائنمنٹس اور آپریشنز منسوخ ہو چکے ہیں جن میں کینسر کے علاج کی اپوائنمنٹس بھی شامل ہیں۔ جونیئر ڈاکٹر تنخواہوں میں 35 فیصد اور سینئر ڈاکٹر مہنگائی کی شرح سے زائد کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہیلتھ سیکرٹری اٹیو بارکلے کا کہنا ہے کہ انڈی پینڈنٹ پے ریویو کی سفارشات کے مطابق سینئر ڈاکٹروں کیلئے چھ فیصد اور جونیئر ڈاکٹروں کیلئے اوسط 8.8 فیصد اضافہ کی پیشکش کر چکی ہے اور یہ پیشکش منصفانہ اور حتمی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ہڑتالوں کے دوران سروس کی کم از کم سطح کی لازمی فراہمی پر غور کر رہے ہیں۔ برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن کے ارکان جونیئر ڈاکٹرز اور کنسلٹنٹس نے 2 ، 3 اور 4 اکتوبر کو بھی ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

یورپ سے سے مزید