لندن (اے ایف پی) برطانیہ میں کمر توڑ مہنگائی سے پریشان ڈاکٹرز نے تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر ہڑتال کردی ، ہزاروں مریضوں کے طے شدہ اپائنٹمنٹس منسوخ ، ہزاروں آپریشن ملتوی ، اسپتالوں کے سربراہان نے بدھ کے روز خبردار کیا ہے کہ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث مریضوں کا تحفظ خطرے میں پڑ سکتا ہے ، انگلینڈ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کنسلٹنٹس (سینئر ڈاکٹرز) سے لیکر جونیئر ڈاکٹرز ایک ساتھ ہڑتال پر چلے گئے ہیں ۔ برطانیہ میں جاری دہائیوں کی بدترین مہنگائی کے باعث حکومت کے درمیان طبی عملے کے درمیان تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے ۔ کام کی زیادتی اور مہنگائی کے تناسب سے کم تنخواہوں کیخلاف جاری ہڑتالوں کے باعث ہزاروں مریضوں کے اپائمنٹس اور آپریشنز ملتوی ہوچکے ہیں ، یہ سب ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب ملکی صحت کے ادارے پر کورونا کی عالمی وبا کے بعد پچھلے کام کے دباؤ کا سامنا ہے ۔