کراچی (نیوز ڈیسک)اے آئی کی غلط صحت معلومات سے صارفین کی جان کو خطرہ، تحقیق میں AI کی فراہم کردہ صحت کی معلومات میں تضاد اور غلط رہنمائی سامنے آئی،ماہرین نے احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کچھ مشورے انتہائی خطرناک اور جان لیوا بھی ہو سکتے ہیں، گارڈین کی تحقیق کے مطابق گوگل کے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی اوور ویوز، جو سرچ نتائج میں موضوع یا سوال کا خلاصہ فراہم کرتے ہیں، بعض اوقات صحت کے بارے میں غلط اور گمراہ کن معلومات دیتے ہیں، جس سے صارفین کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ ایک خطرناک مثال میں، AI نے پانکریاس کینسر کے مریضوں کو زیادہ چربی والی غذا سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا، جو درست سفارش کے بالکل مخالف ہے اور مریضوں کی زندگی کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ اسی طرح جگر کے اہم ٹیسٹ اور خواتین کے کینسر ٹیسٹ کے بارے میں بھی غلط معلومات فراہم کی گئیں، جو مریضوں کو اپنے اصل صحت کے مسئلے سے لاعلم رکھ سکتی ہیں۔ ماہرین اور طبی خیراتی اداروں نے اس پر شدید تشویش ظاہر کی، جبکہ گوگل کا کہنا ہے کہ زیادہ تر معلومات درست اور معتبر ذرائع پر مبنی ہیں اور وہ غلطیوں کی اصلاح کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ AI اوور ویوز کبھی کبھار ضروری سیاق و سباق چھوڑ دیتے ہیں یا متضاد جوابات دیتے ہیں، جس سے صارفین کو مختلف اوقات میں مختلف اور غیر یقینی مشورے ملتے ہیں، اور یہ صحت کے لیے حقیقی خطرہ بن سکتا ہے۔