• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کیلئے 3 وینیوز فائنل کرلیے

فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے 2024 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے وینیوز فائنل کر لیے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 2024 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے امریکا اور ویسٹ انڈیز کا انتخاب کیا گیا تھا تاہم اب کافی جائزے کے بعد امریکا کے تین شہروں کو منتخب کر لیا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی پہلی بار امریکا کو دی جا رہی ہے، ایونٹ کے میچز نیویارک، ڈیلاس اور میامی میں ہوں گے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ نیویارک شہر سے 30 میل کی مسافت پر 930 ایکڑ پر پھیلے ہوئے آئزن ہاور پارک میں 34 ہزار نشستوں والا کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے۔

ڈیلاس میں گرینڈ پریری اور فلوریڈا میں بروورڈ کاؤنٹی لاڈر ہل کے پاس پہلے سے ہی میچز کی میزبانی کے لیے بنیادی ڈھانچہ موجود ہے، البتہ آئی سی سی ان دونوں مقامات پر اسٹیڈیم کی گنجائش میں اضافے کے لیے اقدامات کرے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا کہ آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گزشتہ 2 سالوں کے ورلڈ کپ سے مختلف ہو گا، اس میں 20 ٹیموں کو پہلے راؤنڈ کے لیے 5، 5 کے 4 گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، پھر ہر گروپ سے ٹاپ ٹو ٹیمیں سپر 8 کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی، سپر 8 ٹیموں کو 4، 4 کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں پہلی دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید