وفاقی سیکریٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) محسن حسن بٹ سے ملاقات کی۔
اسلام آباد میں ایف آئی اے کے سینئر افسران نے سیکریٹری داخلہ کو اپنے شعبوں کی کارکردگی، ہنڈی، ڈالر اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور انسانی اسمگلنگ سے متعلق کریک ڈاؤن پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر سیکریٹری داخلہ کو سائبر کرائم، انسداد دہشت گردی، ہنڈی اور کرنسی کے غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن سے متعلق بتایا گیا۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے آئی بی ایم ایس کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لیے تمام تر وسائل کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری داخلہ نے کرنسی کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کےلیے ایف آئی اے کی کاوشوں کو سراہا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سیکرٹری داخلہ نے جاری آپریشنز اور کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان کے مطابق سیکرٹری داخلہ کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر آفتاب اکبر درانی نے ترجیحی بنیادوں پر مسائل حل کرنے کی یقینی دہانی کی۔