• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی پارلیمانی سیاست کرتی تو عمران خان اپوزیشن لیڈر ہوتے، نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ۔ فوٹو: فائل
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ۔ فوٹو: فائل

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پارلیمانی سیاست کر رہی ہوتی تو عمران خان اپوزیشن لیڈر ہوتے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی میں طلبا سے خطاب میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، جن کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں مکمل طور پر غیر جانبدار ہوں، 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کو ہر حال میں کڑی سزا دی جائے گی۔

نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد توڑ پھوڑ اور دہشت گردی کے الزامات میں قید ہیں، مہذب معاشروں میں ایسے اقدام کرنے والوں کے ساتھ یہی سلوک ہوتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہوسکتا، کوشش کریں گے کہ تمام جماعتوں کو انتخابات میں منصفانہ طریقے سے حصہ لینے کا موقع ملے۔

انوار الحق کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان سمیت سب سے برابر کا سلوک ہوگا، تحریک انصاف پارلیمانی سیاست نہیں کر رہی، اگر ایسا ہوتا تو چیئرمین پی ٹی آئی اپوزیشن لیڈر ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا میں ہر قسم کی تنقید کی جاسکتی ہے، ہم کسی بھی طریقے سے میڈیا پر اثرانداز ہونے کی کوشش نہیں کرتے۔

قومی خبریں سے مزید