پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے سینیٹ اجلاس بلانے کیلئے چیئرمین سینیٹ کو ایک اور خط لکھ دیا۔
خط پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو لکھا گیا ہے۔
سینیٹر تاج حیدر نے خط میں کہا کہ سینیٹ ریکوزیشن سے دستخط واپس لینے سے متعلق آپ کو خط لکھا تھا۔
خط کے متن میں رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ریکوزیشن سے دستخط واپس لینے کے اختیارات سے متعلق سوالات کے جوابات نہیں دیے گئے۔
خط میں کہا گیا کہ آئین چیئرمین سینیٹ کو کسی رکن کے ریکوزیشن پر کیے دستخط واپس لینے کا اختیار نہیں دیتا۔
خط کے مطابق یہ عمل آئین اور پارلیمان کو کمزور کرے گا، عوام اس وقت شدید مشکلات سے دوچار ہے۔
خط میں کہا گیا کہ سینیٹ کا اجلاس گزشتہ 49 دنوں سے نہیں بلایا گیا، چیئرمین سینیٹ کے آفس کو غیر جانبدار ہونا چاہیے۔
سینیٹر تاج حیدر نے خط میں مزید کہا کہ بہانے ڈھونڈنے کے بجائے ہمیں سینیٹ کا اجلاس بلانے کیلئے کوئی راستہ نکالنا چاہیے۔