انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں 4 مفرور ملزمان خاکے آویزاں کرنے کا حکم دے دیا۔
اے ٹی سی کراچی میں 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گرفتاری کے خلاف ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے 4 مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خاکے آویزاں کیے جائیں اور جائیداد کی تفصیلات پیش کی جائیں۔
اے ٹی سی نے گرفتار سابق رکن سندھ اسمبلی راجا اظہر کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے اور انہیں آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت کو پولیس نے بتایا کہ سابق اراکین اسمبلی فہیم خان، عدیل احمد خان اور 2 کارکن مفرور ہیں۔
پولیس نے عدالت کے روبرو بتایا کہ 9 مئی کی ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں 13 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کی اطلاع پر پارٹی رہنماؤں نے کارکنوں کو اشتعال دلوایا۔
پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں نامزد عالمگیر خان سمیت 4 ملزمان عبوری ضمانت پر ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس کی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔