پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف ہی نہیں 21 اکتوبر کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی بھی واپس آرہی ہے۔
شاہدرہ لاہور میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ جب سے نواز شریف کو نکالا ملک سے سکون چلا گیا، روشنی اندھیروں میں غائب ہوگئی، عوام سے ان کا مستقبل چھین لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو صرف نواز شریف ہی واپس نہیں آرہے بلکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی بھی واپسی ہو رہی ہے۔
ن لیگی چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ نواز شریف کو نکالنے والے عبرت کا نشان بن چکے ہیں لیکن ن لیگی قائد پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر واپس آرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ نے اپنے لیڈر کا ساتھ نہیں چھوڑا، آپ نے 21 اکتوبر کو نواز شریف سے ملنے مینارِپاکستان آنا ہے، پوچھتی ہوں کہ ہمارے ملک کو کس کی ضرورت ہے؟
مریم نواز نے کہا کہ 21 اکتوبر کو ایک فرد واحد نہیں پاکستان کی خوشحالی واپس آرہی ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے والا نواز شریف آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوچھتی ہوں آپ نے سستا پیٹرول کس کے دور میں خریدا تھا؟ پاکستان کے سینے پر جو زخم لگے ہیں، ان زخموں پر مرہم رکھنے والے نواز شریف آرہے ہیں۔
ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ پوچھتی ہوں آپ نے آخری بار سستی چینی، آٹا، گھی کس کے دور میں خریدا تھا؟ نواز شریف کو نکال کر گھروں کی روشنی اور عوام کا مستقبل چھین لیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ نواز شریف کو ختم کرنے کی پہلی کوشش نہیں تھی، بہت بار کوشش ہوئی لیکن آج ن لیگی قائد کا استقبال کرنے کی تیاریاں پورے پاکستان میں جاری ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے جیلیں برداشت کیں، وہ پاکستان آرہے ہیں، ن لیگی قائد نے اپنا معاملہ اللّٰہ پر چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے کہا نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی وہ دیکھ رہے ہیں کہ ن لیگی قائد واپس آرہے ہیں۔