پاکستان کی سُپر اسٹار ماہرہ خان اپنے دیرینہ دوست اور کاروباری شخصیت سلیم کریم کے ہمراہ نجی تقریب میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔
اداکارہ کی شادی کی مختصر تقریب مری کے نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق دو روز قبل شروع ہونے والی اداکارہ کی شادی کی تقریبات کے لیے ہوٹل کے 200 کمروں کو 6 دن کے لئے بُک کیا گیا۔
’جنگ نیوز‘ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیزائنر فراز منان کی ترجمان نے تصدیق کی کہ ماہرہ خان نے اس خاص دن کے لیے ان کے تیار کردہ جوڑے کا انتخاب کیا جس کی قیمت واضح طور پر ظاہر نہ کرتے ہوئے انہوں نے اتنا بتانے پر اکتفا کیا ہے کہ ہمارے کسٹمائزڈ برائیڈل ڈریسز کی قیمت 35 لاکھ روپے سے شروع ہوتی ہے۔
ڈیزائنر فراز منان کی ترجمان کی بات سے واضح ہوتا ہے کہ ماہرہ خان کے عروسی جوڑے کی قیمت بھی 35 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ ہو گی۔
شادی کی اس پُروقار تقریب کے لیے اداکارہ نے میک اپ آرٹسٹ بابر ظہیر کا انتخاب کیا جبکہ سوشل میڈیا ذرائع کے مطابق دُلہے میاں سلیم کریم نے یوسف بشیر قریشی (وائی کیو بی) اسٹوڈیو کے لباس کو منتخب کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال ماہرہ خان نے ثمینہ پیرزادہ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سلیم کریم سے تعلقات کی تصدیق کی تھی۔
ماہرہ خان نے ایک سوال کہ کیا آپ کو محبت ہو گئی ہے؟ کے جواب میں مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ ہاں شاید مجھے محبت ہو گئی ہے، لیکن میں اتنی آسانی سے اس حوالے سے بات نہیں کر سکتی کیوں کہ میں بہت شرمیلی ہوں۔