چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کوئی حلقہ بندیوں کی بات کرتا ہے، کوئی کہتا ہے موسم ٹھنڈا ہوگا، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو چاہتی ہے الیکشن فوری ہوں۔
کراچی میں بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تمام بلدیاتی نمائندے چیف الیکشن کمشنر اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ کو خط بھیج رہے ہیں، بلدیاتی نمائندے خود جائزہ لیں کہ کون سے اچھے افسران ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام بلدیاتی نمائندوں کی شکایت ہے کہ وسائل کم ہیں۔ پیپلز پارٹی کا نعرہ روٹی کپڑا اور مکان ہے جس کی آج شدید ضرورت ہے۔ ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام دیکھ لیں ان کے احتساب سے کون بھاگ رہا ہے، جب تک الیکشن کی تاریخ کا نوٹیفکیشن نہیں آتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ عوام بیروزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے تکلیف میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن برداشت نہیں کروں گا، کرپشن سے عوام کا نقصان ہوتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو چاہتی ہے الیکشن وقت پر ہوں۔ کوئی حلقہ بندیوں کی بات کرتا ہے کوئی کہتا ہے موسم ٹھنڈا ہوگا۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں ہے۔ بلدیاتی نمائندے چیک کریں کہاں اسکیموں پر کام چل رہا ہے اور کہاں رکا ہوا ہے، ہمارے جاری منصوبوں کو روکا جارہا ہے۔ مسائل حل نہ ہوئے تو عدالتی راستہ اختیار کریں گے۔