اسلام آباد میں اقوام متحدہ اور آغا خان ایجنسی برائے ہیبیٹیٹ (مسکن) کا عالمی دن منایا گیا اور اس سلسلے میں نجی ہوٹل میں تقریب منعقد کی گئی۔
اس سال اس دن کا موضوع ’’مضبوط شہری معیشت اور شہر ترقی کے ضامن‘‘ رکھا گیا۔
تقریب سے ماہر معیشت اور ماہر ماحولیات نے خطاب کیا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بڑے شہر کراچی، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ اور گجرانوالہ پاکستان کی معاشی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ماہرین نے کہا کہ اس لحاظ سے آبادی اور اس سے جڑے مسئلے مسائل شہروں کے ماحول کو متاثر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ان شہروں کو مناسب منصوبہ بندی کے مطابق لے کر چلنا ہو گا تاکہ ان شہروں میں بڑھتی ہوئی آبادکاری ماحولیات اور مسکن کو منفی طور پر اثرانداز نہ کرے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ زمینی شجرکاری کے علاوہ بلند رہائشی اور تجارتی تعمیرات کو بھی ہرا بھرا رکھ کر شہر کی آلودگی کم کی جاسکتی ہے اور اس کی خوبصورتی اور ایکو سسٹم کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔
تقریب سے اقوام متحدہ کے کنٹری ہیڈ عبداللّٰہ فاضل، کنٹری پروگرام منیجر جاوید علی خان اور آغا خان ہیبیٹیٹ ایجنسی کی سی ای او نصرت نصیب نے خطاب کیا اور مستقبل میں شہروں کو محفوظ اور صاف ماحول مہیا کرنے کے بارے میں رائے دی۔