شیخوپورہ میں بہو پر تشدد کرنے والے ملزم کو پولیس تاحال گرفتار نہ کر سکی۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے منڈی جھبراں میں بھی چھاپہ مارا گیا، ملزم منڈی جھبراں میں اجناس کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تشدد کی شکار خاتون کا شوہر روزگار کے لیے جنوبی افریقا میں ہے، ملزم کے دوسرے بیٹے نے تشدد کی ویڈیو بنا کر اپنے رشتے داروں کو بھیجی، ملزم کا دوسرا بیٹا زیرِ حراست ہے۔
دوسری جانب ایک بیان میں متاثرہ خاتون نے کہا ہے کہ میں نے سسر سے بدتمیزی کی تھی جس پر انہوں نے مجھے مارا، ہمارا گھریلو مسئلہ تھا اب وہ حل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری صلح ہو گئی ہے میں نے کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنی۔