مسلم لیگ (ن) کے رہنماجاوید لطیف کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی طرف سے جو گفتگو ہوئی اس کی توقع نہیں تھی، ہمیں کوئی جمہوریت کے دفاع کا سبق نہ پڑھائے۔
اوکاڑہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ مائنس نواز شریف پر کوئی بات قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور اس کے ٹولے کے ساتھ مذاکرات کا کوئی تصور بھی نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں پنجاب کے اندر انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوگی، خیبر پختونخوا، کراچی، اندرون سندھ اور بلوچستان میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ طوفانوں اور برفباری میں بھی الیکشن ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔