کراچی میں تاجر اور اہلخانہ کو جان سے مارنے کا دھمکی آمیز خط ملا ہے، خط میں ملزمان نے 3 گولیاں اور تاجر کے 2 بچوں کی تصاویر بھی بھیجی ہیں۔
نارتھ ناظم آباد بلاک ایف کے رہائشی تاجر نوید نے بتایا ہے کہ دو روز قبل مجھے اور بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکی کا خط ملا ہے۔
تاجر نوید کے مطابق ہیلمٹ پہنے نامعلوم شخص فلیٹ کے ریسپشن پر دھمکی آمیز خط دے کر گیا۔
نوید کا کہنا ہے کہ پولیس مجھ سے تعاون نہیں کررہی، بہت پریشان ہوں، میں اور میرے بچے گھر سے باہر نہیں نکل رہے۔
تاجر نے بتایا کہ میرے ساتھ ایک شخص کا لین دین کا تنازع چل رہا ہے، میں نے لین دین کے تنازع پر مقدمات درج کرائے ہیں۔
نوید کے مطابق خط بھیجنے والے شخص نے مقدمات واپس لینے کا کہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ حیدری پولیس اسٹیشن میں درج کررہے ہیں۔
دوسری جانب تاجر کو دھمکی آمیز خط دینے والے شخص کی سی سی ٹی وی منظر عام پر آگئی ہے۔
ہیلمٹ پہنے ایک شخص کو رہائشی عمارت میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، ملزم نے استقبالیہ پر بیٹھے افراد سے بات چیت کی اور پھر استقبالیہ پر بیٹھے شخص کو لفافہ پکڑا کر باہر چلا گیا۔