• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں

دور ہی سے سہی مگر الیکشن کا شور و غوغا سنائی دے رہا ہے، سچ تو یہ ہے کہ عام انتخابات ہی ہر درد کی دوا ہیں بشر طیکہ یہ شفاف ہوں، اب گیند عوام کے کورٹ میں ہے چاہے وہ اپنے خیر خواہ کو چنیں یا کسی اور کو، اب تک لوگوں کو جوبھی شکوے شکایتیں ہیں عوامی منتخب نمائندوں سے رہی ہیں نہ جانے بڑی پریت سے جسے بھی لائے وہ کرسی پر بیٹھتے ہی بھوت پریت کیوں بن جاتا ہے، سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے اور اس کا مداوا کرنے کےبجائے بعد میں کئے جانے والے کاموں کو اولیت دی جاتی ہے، ہم امید رکھتے ہیں کہ اب جسے بھی قوم منتخب کرے وہ سب سے پہلے مہنگائی کا خاتمہ کرے کہ لوگ اس روگ سے ناک تک آ چکے ہیں، زندگی بحال کرنا ضروری ہے باقی کام ثانوی حیثیت رکھتے ہیں، الیکشن کمیشن اس لئے آزاد و خود مختار قرار دیاگیا ہےوہ امانت کی ہر طرح سے حفاظت کرے، 76 سالہ تجربہ رکھنے والے عوام پاکستان، خواص پاکستان کو پھر سے اپنے اوپر ظلم و زیادتی کا لائسنس نہ دیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ وطن عزیز میں دو طبقے ہیں ایک اقلیت میں ہونے کے باوجود غالب و خوشحال اور دوسرا اکثریت رکھنے کے باوصف مشکل زندگی گزار کر بھی بے مزا نہیں ہوتا، آخر ہم کب اچھے برے میں تمیز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوئے اچھے کا انتخاب کریں گے، برادری، لالچ اور دیگر آلائشوں کی بنیاد پر اپنا ووٹ اپنےلئے خنجر نہ بنائیں، اگرچہ ہمارے پاس قیادت کا فقدان ہے تاہم خلائی مخلوق نے تو گورننس نہیں چلانی ہم نے حاضر اسٹاک ہی میں سے اپنے مطلب کا امیدوارِ حکمرانی منتخب کرنا ہے اس طرح ہم اچھے کی کھوج میں کامیاب ہوجائیں گے، عام غریب آدمی جو تعداد میں سب سےبڑھ کر ہے اس غم سےتو نجات پائے گا کہ بھوک لگی تو روٹی کیسے ملے گی اور بیمار پڑ گیا تو علاج کیسے کرائے گا، سنا ہے کہ حکومت حاصل کرنے کیلئے پلاننگ بھی ہورہی ہے، اقبال کے اس شعر سے حوصلہ ملتا ہے کہ ؎

صنوبر باغ میں آزاد بھی ہے پا بہ گل بھی ہے

انہی پابندیوں میں حاصل آزادی کوتو کرلے

٭٭٭٭

بچے اسکولوں سے باہر کیوں

ایک محتاط اندازے کے مطابق کروڑوں بچے اس وقت اسکولوں سے باہر ہیں اور ان کےساتھ وہ کچھ ہو رہا ہے جو کسی طرح بھی درست نہیں جبکہ ہمارے نبی اکرم ﷺ نے حصول علم پر بہت زور دیا ہے دراصل وہ جانتے تھے کہ طاقت کا سرچشمہ علم ہے، آج وہی قومیں طاقتور ہیں جو علم کی تلاش میں ہیں، ایک مقام پرقرآن حکیم میں یہ سوال کیا گیا ہے کہ کیا علم رکھنے والے اور اس سے محروم برابر ہو سکتے ہیں؟ اگر آج ہماری معاشرت میں انواع و اقسام کے جرائم کی بھرمار ہے تو اس کی بنیادی وجہ علم کے حصول پر حکومتوں کی توجہ نہ ہونے کے برابر ہے،تعلیم کی روشنی سے محرومی کی جگہ جرم لے لیتا ہے شاید عوام کے بچوں کوا سکول سے باہر نہ رکھا جائے تو اشرافیہ کے گھروں میں کام کیلئے ملازم کہاں سے آئیں گے، سرکاری اسکولوں اور نجی اسکولوں کی تعلیم اور سہولیات میں زمین آسمان کا فرق ہے اس طرح طبقاتی کشمکش اور اونچ نیچ معاشرے میں واضح دیکھی جا سکتی ہے، حکومت سارے شعبوں کی نجکاری کردے مگر معیاری تعلیم کے ادارے اپنے پاس رکھے، یکساں نظام تعلیم حکومت ہی قائم کر سکتی ہے، دیگر شعبے اگر پرائیویٹ سیکٹر کو دے دیئے جائیں تو حکومت بنیادی کاموںپر بھرپور توجہ دے سکےگی، تعلیم کے شعبے کو کاروبار نہ بننے دیا جائے، جس ملک میں دینی مدارس الگ تشخص رکھتے ہوں تو اسکولز کیا لادینی ہوںگے، جب تک مدرسہ ایک نہ ہو، یہ دینی مدرسہ ہے یہ دنیوی تو پھر اقبال نے سچ فرمایا تھا کہ ’’جداہو دیں سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی۔‘‘کیا اسلام کے جملہ امور دینی نہیں ہوتے، یہ اسلامی اور غیر اسلامی کی تفریق ختم کی جائے ، کیا بغداد کے عروج کے زمانے میں مدرسہ ایک تھا یا دو،کیا وقت کے مدارس نے بڑے بڑے سائنسدان پیدا نہیں کئے، ایک ہی مدرسہ دین دنیا دونوں کی تعلیم دے سکتا ہے بلکہ یوں سمجھیں کہ ہرجائز علم حاصل کرنا عبادت ہے۔

٭٭٭٭

نجی، سرکاری ملازمین کی شامت آئی ہے

اس مملکت خداداد میں اگر کوئی باقاعدگی سے ٹیکس دیتا ہے تو وہ نجی، سرکاری ملازمین ہی ہیں، شنید ہے کہ آئی ایم ایف نے حکم صادر فرمایا ہے 50 ہزار ماہانہ آمدن والے پربھی انکم ٹیکس لگایا جائے ایک بھلے مانس وزیر خزانہ آئے اور نکالے گئے انہوں نے ایک لاکھ ماہانہ تک آمدنی پر ٹیکس ختم کردیا تھا اور ایک لاکھ سے زائدتنخواہ لینے والے پر انکم ٹیکس عائد کیا تھا، پھر ایسی ہوا چلی کہ نجی، سرکاری ملازمین کی تنخواہ سے سرکاری ٹیکس کٹ کر ملازم کو جو رقم ملتی ہے اس سے گھر کا بجٹ تلپٹ ہو جاتا ہے، ٹیکس ضرور لیں مگر ایک لاکھ ماہانہ سے زیادہ مشاہرہ پانے والے سے لیں اس ملک میں جو اشرافیہ کلب کا ممبر ہے وہ ٹیکس دیتا نہیں یا کسی چور دروازے برائے نام ٹیکس جمع کرا دیتا ہے، مہنگائی کم کرنا ہمارے بس میں ہے نہ اپنی تنخواہ بڑھانا، کہیے پھر کیوں نہ کہیں؎

کوکلا چھپاکی جمعرات آئی جے

نجی، سرکاری ملازماں دی شامت آئی اے

بہر حال بچہ سقہ نےبھی اپنی مشک کا سکہ چلا دیا تھا، اور اس طرح مہنگائی پر قابو پالیاتھا کوئی لیڈر کجا ہمارے پاس تو بچہ سقہ بھی نہیں، اشرافیہ اگرچہ گنے چنے افراد یا خاندانوںپر مشتمل ہے لیکن ظلم کی ،محرومی کی، مہنگائی کی کتنی ہی زور دار آندھی چلے ان کے چہروں پر ایک دائمی مسکراہٹ کھلی رہتی ہے،وہ کبھی ریٹ نہیں پوچھتے بس یہ دو لفظ کہتے ہیں کہ پیک کردو، اکثر تو یہاں سے خریداری کرتے ہی نہیں کیونکہ ان کیلئے ساری دنیا دو قدم ہے، نجی، سرکاری ملازمین کو پھر ماہانہ کچھ نہ کچھ مل جاتا ہے، ایک وہ بھی ہیں جو اس فکر میں سو جاتے ہیں کہ کل دیہاڑی ملےگی یا نہیں۔ شہر کے غربت زدہ علاقوں کی دیواروں پر لکھا ہے:

بس ہجومِ یاس جی گھبرا گیا

٭٭٭٭

تازہ ترین