مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری تنویر نے کہا ہے کہ شوکت خانم اسپتال کی زمین اور جیب سے 50 کروڑ نواز شریف نے دیے۔
راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں چوہدری تنویر نے کہا کہ ن لیگی کارکنان نواز شریف سے عشق کرتے ہیں، ٹریلر شروع ہوا ہے، فلم ابھی باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کی ذمے داری ہے قوم کو آگاہ کریں کہ نازل لیڈر نے نوجوانوں کو جھوٹی امید دلائی،ہمیں 2017 کا پاکستان واپس چاہیے۔
چوہدری تنویر نے مزید کہا کہ شوکت خانم اسپتال کی زمین بھی نواز شریف نے دی تھی اور اسپتال شروع کرنے کے لیے جیب سے 50 کروڑ بھی دیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی گاڑی کو فل اسپیڈ میں شہباز شریف نے گھمایا، ن لیگی قائد جو سوچتے ہیں، اسے عملی جامہ پارٹی صدر پہناتے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ سی پیک سے نوکریاں نکلیں گی، نوجوان ڈگریاں لےکر نہیں گھومیں گے، آئی ایم ایف شکنجے کا پورا ذمے دار جو شخص ہے اس پر اربوں روپے خرچ کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جب ٹیک آف کرنے لگتا ہے تو اس کی ٹانگیں کھینچی جاتی ہیں، نواز شریف عوامی طاقت ہونے کے باوجود قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتا ہے۔
چوہدری تنویر نے کہا کہ نواز شریف بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، یہ سازش تھی، عدالتوں نے ڈے ٹو ڈے سماعت کرکے منتخب وزیر اعظم کو نااہل کیا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم اپنی جانیں دے سکتے ہیں لیکن ملکی دفاع پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، قوم مطالبہ کرتی ہے جی ایچ کیو پر حملہ کرنے،قائداعظم کا پتلا جلانے والوں کا احتساب کریں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں پر نواز شریف نے فیصلہ کیا روکھی سوکھی کھا لیں گے غیرت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، لیڈر ایسے نہیں ہوتے جو کہے بھیک نہیں مانگوں گا لیکن ہاتھ پیچھے کرکے پیسے لے لے۔