اینٹی کرپشن عدالت لاہور کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما، سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی اہلیہ، بیٹے اور بہو کی عبوری ضمانت میں 25 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی۔
اسپیشل جج اینٹی کرپشن علی رضا اعوان نے پرویز الہٰی اور دیگر کے خلاف رنگ روڈ ایکسٹینشن منصوبے کی منظوری کے کیس میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت ملزمان حاضری کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت کی جانب سے اینٹی کرپشن کو ملزمان کو گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے پرویز الہٰی کی بیوی قیصرہ الہٰی، بیٹے راسخ الہٰی اور بہو زارا الہٰی کی عبوری ضمانت میں 25 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی۔
سماعت کے دوران پرویز الہٰی کے خاندان کے وکلاء نے کہا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، پرویز الہٰی اس مقدمے سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
پرویز الہٰی کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنی اراضی کو فائدہ پہنچانے کے لیے رنگ روڈ ایکسٹینشن منصوبے کی منظوری دی تھی۔