• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وطن عزیز کے مختلف حصوں میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے آنے والی اطلاعات کی سنگینی کی بنا پر نگراں حکومت کو غیرقانونی طور پر ملک میں مقیم غیرملکیوں کے انخلا کا فیصلہ کرنا پڑا اور مختلف علاقوں سے قانونی دستاویزات کے بغیر مقیم افراد کی واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ پاکستان اپنی زمین پر قانونی دستاویزات کے ساتھ قیام کرنے والوں سے کوئی تعرض نہیں کررہا ہے البتہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد کی صف میں شامل ہوجانے والے شرپسند افراد کے باعث سر اٹھانے والے مسائل کے سدباب کیلئے اس کے سوا چارہ نہ رہا کہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو رضاکارانہ واپسی کیلئے 31؍اکتوبر تک کا وقت دیا گیا جبکہ یکم نومبر سے باضابطہ انخلا کی کارروائی شروع کردی جائے گی۔ اس دوران ایک جانب تھانوں، کانوائے اور چیک پوسٹوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں سے نمٹا جارہا ہے دوسری طرف خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ بھی چل رہا ہے۔ یہ سلسلہ دہشت گردی کے تمام راستے بند ہونے تک جاری رہے گا۔ پیر کے روز ایسی ہی ایک کارروائی کے دوران ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 5دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمد وطن عزیز پر قربان ہوگئے۔ وطن عزیز کی حفاظت اور ہموطنوں کو امن و چین کی فضا فراہم کرنے کیلئے دن رات مستعد رہنے اور اپنی جانوں کی پروا نہ کرنے والے سیکورٹی اہلکار اس ملک کے ہیرو ہیں۔ ان جانبازوں کو سرزمین پاک کے عوام سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کی قربانیوں کی بدولت آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے ذریعے ایک بار دہشت گردوں کا صفایا کیا چکا ہے۔ اب پاکستان دشمن اور اسلام دشمن قوتوں نے ملک میں افراتفری کیلئے جو جال دوبارہ ڈالا ہے انشااللہ اسے بھی جلد کاٹ کر پھینک دیا جائے گا۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین