صوبۂ پنجاب کے شہر لاہور میں اسموگ کے کنٹرول کے لیے مسٹ کوئین گاڑیاں فعال کر دی گئیں۔
سیکریٹری بلدیات ڈاکٹر ارشاد احمد کی ہدایات پر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) اسموگ کے خاتمے کے لیے متحرک ہو گیا۔
ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ اسموگ کے ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر مسٹ کوئین گاڑیاں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی لاہور میں اینٹی اسموگ اسپرے کے لیے ایک گاڑی چلائی گئی ہے، مزید 2 گاڑیاں اینٹی اسموگ اسپرے کے لیے شہر میں فعال کر دی جائیں گی۔
سیکریٹری بلدیات ڈاکٹر ارشاد احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ مارکیٹوں اور زیادہ ہجوم والے علاقوں میں مسٹ کوئین گاڑیاں فعال رہیں گی، کنسٹرکشن سائٹس پر دھول مٹی کے کنٹرول کے لیے خصوصی طور پر اقدامات کیے جائیں گے۔