مسلم لیگ ن کی نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام پریشان ہیں اسی لیے نواز شریف واپس آرہے ہیں۔
مریم نواز نے این اے 128،129 کے بلدیاتی نمائندوں اور کارکنوں سے 21 اکتوبر کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی یقینی ہے کیونکہ نواز شریف واپس آرہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نوجوان، مزدور، دیہاڑی دار بیروزگار ہے اسی لیے نواز شریف واپس آرہے ہیں، مشکلات سے کیسے نکلیں؟ حل بتانے نواز شریف آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی لوٹ آئی ہے اسی لیے نواز شریف واپس آرہے ہیں، نوجوان کو روزگار دینے والا نواز شریف واپس آرہا ہے، غریب کو سستا آٹا، چینی، گھی نواز شریف دور میں ہی ملا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ غریبوں کا ساتھی اور ہمدرد صرف نواز شریف ہے، سارے تجربے فیل ہوگئے، تجربہ ایک ہی کامیاب رہا وہ ہے نواز شریف۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف قوم کو اچھے دن پھر دکھائے گا، نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے دفاع ناقابل تسخیر بنایا تھا،2024ء سے 2029ء تک پاکستان کو معاشی طور پر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ 2016ء میں نواز شریف نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا اور مہنگائی نہیں ہونے دی۔