پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے ضلع شکار پور میں 5 پولیس اہلکاروں کے اغواء پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ضلع شکارپور کے علاقے کوٹ شاہو سے پولیس اہلکاروں کا اغواء سنگین معاملہ ہے، ملک و معاشرہ پولیس اہلکاروں کے اغواء جیسے جرائم کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کے اغواء کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائے۔
پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا ہے کہ معاملے کو انتظامی و حکومتی سطح پر باریک بینی سے دیکھنے اور اس کی کمزوریوں پر فوری قابو پانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پولیس کے مغویوں کی محفوظ بازیابی یقینی بنائی جائے اور ان کے اغواء میں ملوث مجرموں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔