• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تلخ حقائق

ساری دنیامغرب کے ترقی یافتہ ممالک کو رول ماڈل سمجھتی ہے لیکن مغرب سے ہی یہ تاثر آ رہا ہے کہ جیسے دنیا کو دو بلاکوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے ۔شاید انسان خود ہی قیامت کا سامان کر رہے ہیں، انسانوں کی اس رنگا رنگ دنیا میں رنگوں کو انجوائے کرنے کے بجائے انہیں تفرقوں کیلئے استعمال میں لایا جاتا ہے کہ ایک طاقتور ملک نے اپنے بنائے ایک ملک کی ظالمانہ کارروائیوں کو دوام بخشنے کا اعلان پوری انسانیت کو خوفزدہ کرنے کیلئے، اپنی اندھی طاقت کے مینار پر چڑھ کر کیا ۔ایک باپ اور ایک ماں کی اولاد آپس میں کیوں دست وگریبان ہیں۔ کیا طاقتور کو کمزور پر چڑھ دوڑنے کی اجازت دیکر ہم عالمی امن کوناقابل تلافی نقصان نہیں پہنچا رہے ہیں؟ انسان کو اللہ نے بولنے کی صلاحیت عطا فرمائی ہے اس لئے کہ وہ باہمی اختلافات اور دیرینہ دشمنیوں کو بات چیت کے ذریعے ختم کریں یہ نہیں کہ اپنی قوت کو امن کیلئے استعمال کرنے کے بجائے بارود کی بارش کیلئے استعمال کریں۔اگر دنیا میں انسانیت اسی طرح طاقت کا اندھا استعمال کرتی رہی تو یہ سچ ہے کہ عالم حق اور باطل کے دو دھڑوں میں بٹ جائے گا اور باطل کی زندگی مختصر ہوتی ہے کیا انسانیت رنگ، نسل، مذہب اور حیثیت کی بنیاد پر تقسیم ہو کر غیر انسانی اقلیم میں داخل نہیں ہو جاتی ،دنیا کی سب سے بڑی طاقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن کا ماحول پیدا کرے، انسانی گمراہی کو سیدھے راستے پر ڈالے، انسان نے اگرچہ بہت ترقی کر لی ہے لیکن اخلاقی حوالے سے اتنی ہی پستی میں چلا گیا ہے کیا خوب شعر ہے؎

درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو

ورنہ طاعت کیلئے کچھ کم نہ تھے کروبیاں

٭٭ ٭ ٭ ٭

سڑک کی پکار

ہر شہر میں سڑکیں ہوتی ہیں ان پر چلنے والے بھی ہوتے ہیں سب سڑک کے زخموں کو روندتے ہوئے گزر جاتے ہیں ان میں وہ افراد بھی ہوتے ہیں جو سڑکیں بنا کر انہیں بھول جاتے ہیں وطن عزیز کے شہروں میں اکثر سڑکیں زخمی ہوتی ہیں، زخم بھرنے والا محکمہ اپنے زخم بھر لیتا ہے سڑکوں کے زخموں پر مخصوص مرہم نہیں رکھتا، ہاں کچھ سڑکیں عالم بالا کی مخلوق استعمال کرتی ہے ان کی حالت بہتر انداز میں برقرار رکھی جاتی ہے کسی سڑک کی حالت زار کو دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جا سکتاہے کہ وہ ان غربت زدہ عوام کا علاقہ ہے جو حکومتیں بناتے ہیں اور حکومتیں انہیں ٹشو پیپر گردانتی ہیں،کراچی کے عوامی علاقوں کی سڑکیں ان علاقوں کی زبوں حالی کی داستان سناتی ہیں مگر عوام کے منتخب نمائندے کب سنتے ،دیکھتے ہیں ان کی آنکھیں ان کو ہی دیکھتی ہیں، اور ذرا سا سقم ہو تو فی الفور دور کر دیا جاتا ہے، عام لوگوں کے علاقے بھی عام ہوتے ہیں اشرافیہ کے علاقوں میں نظام حیات ہی مختلف ہوتا ہے اسی طرح دیہی علاقوں میں اول تو سڑکیں ہوتی ہی نہیں اور اگر ہوتی ہیں تو گویا نہیں ہوتیں۔نہ جانے کب ہمارے شہروں اور دیہات میں مساوات و اصلاحات کا وجود دیکھنے کو ملے گا۔سڑکیں ہر بری حالت میں ایک جگہ پڑی رہتی ہیں اپنا درد تو بیان نہیں کر سکتیں مگر لوگوں کو منزل تک پہنچا دیتی ہیں ، یہی سڑکیں ہوں اور چنگ چی جیسی سواری ہو تو سوار کو سواد آ جاتا اب بتائیں کہ:؎

جس سڑک میں سو چھید ہوں

اس سڑک پر گاڑی چلانا کیا

٭٭ ٭ ٭ ٭

اُف یہ تلفظ کی غلطیاں

انگریزی اور اردو دونوں کےساتھ جو بدسلوکی ’’بظاہر پڑھے لکھے لوگ‘‘ کرتے ہیں ان کی رپٹ کہاں درج کرائی جائے، معذرت میڈیا سے جس کے اینکرز تلفظ کی صحت چھین لیتے ہیں اب ہم یہاں اگر الفاظ کی مسخ شدہ لاشیں دکھانے لگیں تو انبار لگ جائیں نیو ز ریڈرز بھی لگتا ہے بے استاد ہوتے ہیں کیا چینل میں خبرنامہ مرتب کرنے والا ریڈر کو پڑھ کر نہیں سناتا تاکہ ریڈر کو معلوم ہو کہ کونسا لفظ کیسے ادا کرنا ہے،بہرحال ’ایں خانہ ہمہ آفتاب است‘ کی مثال شاید ہمارے میڈیا میں بھی کوئی عالم فاضل صحافی باقی نہ رہا ،یوں تو یہ سلسلہ کشتنِ الفاظ شروع تو تعلیمی اداروں سے ہوتا ہے جہاں استاد بڑے استاد ہوتے ہیں کیوں ہمارے ہاں ریفرنس کا بڑا رواج ہے اس لئے معلم بھی پایاب ہوتے ہیں اور وہ جو کھیپ برآمد فرماتے ہیں وہ بھی گوہر نایاب ہوتے ہیں بعض اوقات تو ایسی فاش غلطی زور شور سے کی جاتی ہے کہ سماعت پرہتھوڑا چل جاتا ہے ،اکثر لکھنے والوں سے ان کی اپنی تحریر پڑھنے کو کہا جائے تو ان کا تلفظ بھی عَلَیہ ما عَلَیہ ہو، جامعات میں صحافت کے شعبے ہماری فریاد پر کان دھریں اور اپنی اصلاح کے بعد اپنے شاگردوں کی بھی اصلاح فرمائیں، بولنا ایک فن ہے کوئی کتنا بھی قارونِ لغت ہائے حجازی ہو بولے گا تو معلوم ہو گا کہ موصوف کتنے پانی میں ہیں، لڑکپن میں ایک سرخ داڑھی والے خطیب کی تقریر بروز جمعہ باقاعدگی سے سنتا تھا وہ اپنی تقریر کا اختتام اس شعر پر کرتے تھے؎

گل گئے، گلشن گئے خالی دھتورے رہ گئے

عقلاں والے ٹر گئے تے لنگڑے لولے رہ گئے

٭٭ ٭ ٭ ٭

نظر بد

٭فضل الرحمن کی شہباز شریف سے ملاقات اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق۔

مولانا بھی بہت دور تک دیکھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، بہرحال یہ ملاقات اور اتحاد اچھا شگون ہے، دونوں جماعتوں کا گھر پورا ہو جائے گا۔

٭٭ ٭ ٭ ٭

تازہ ترین