پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا ہے کہ چناسوامی اسٹیڈیم چھوٹا گراؤنڈ ہے اور باؤنڈریز چھوٹی ہیں جبکہ کنڈیشنز کھیل کے لیے بہت اچھی ہیں۔ ہم نے اپنا ہوم ورک کیا ہے ۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ 63، 64 میٹرز کی باؤنڈری کی وجہ سے یہ گراؤنڈ ہائی اسکورنگ رہا ہے جس پر بیٹرز نے ہمیشہ انجوائے کیا ہے لیکن بولرز کے لیے چیلنج ہوگا اور میرے خیال میں غلطی کی گنجائش بہت کم ہوگی۔
گرانٹ بریڈ برن کہتے ہیں کہ چونکہ ہمارا بولنگ اٹیک اس وقت اتنا ایکیوریٹ نہیں رہا ہے جیسا کہ کچھ وقت پہلے تک تھا لہٰذا ہمیں بہت ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کرنی پڑے گی۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ اگرچہ بھارت کے خلاف نتیجہ ہمارے حق میں نہیں تھا تاہم ہمیں اس میچ سے کچھ اہم باتیں سیکھنے کو ملیں جو اس ٹورنامنٹ میں ہمیں کام آئیں گی۔ یہ سیکھنے کا اچھا موقع تھا کہ جب آپ بہت بڑے پرجوش کراؤڈ کے سامنے کھیلتے ہیں۔ یہ عام سی بات نہیں ہوتی کہ آپ ایسے کراؤڈ کے سامنے کھیلتے ہیں جو مکمل طور پر آپ کی حریف ٹیم کو سپورٹ کرتا ہو۔
گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ ورلڈ کپ کے مقابلوں میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دس میں سے چھ میچوں میں شکست دی ہے تاہم آخری بار جب یہ دونوں ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ سیریز میں مدمقابل ہوئی تھیں تو پاکستان نے آسٹریلیا کو دو ایک سے شکست دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں اس ورلڈ کپ میں تیسرا میچ جیت کر تین ایک کے ساتھ چنئی جائیں جہاں ہمیں افغانستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنا ہے۔
بریڈبرن کا کہنا ہے کہ اب تک ہم تینوں شعبوں میں صحیح معنوں میں پرفارمنس نہیں دے سکے ہیں لیکن ہمیں پتہ ہے کہ جب ہم یہ کریں گے تو اور بہتر ہو گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ2023 میں اپنا چوتھا میچ جمعہ کے روز آسٹریلیا کے خلاف بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔