ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) نے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کردیا جبکہ پاکستان کے نہ کھیلنے پر بنگلادیش کو شامل کیے جانے کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کو پاکستان کے متبادل کے طور پر ایونٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے موجودہ صورتحال میں ٹیم بھارت بھیجنے سے منع کردیا تھا۔
اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہوگی جبکہ ایونٹ کا فائنل 5 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے میچز جالندھر اور موہالی میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں میزبان بھارت کے علاوہ ملائیشیا، جاپان، جنوبی کوریا، چین اور بنگلادیش کی ٹیمیں شریک ہیں۔
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے برانز اور گولڈ میڈل میچ 5 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کے میچز یا ایونٹ کو نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔ اے ایچ ایف نے پاکستان کی درخواست قبول نہیں کی تھی۔