پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز 4 سال بعد اپنے والد نواز شریف کی وطن آمد کے موقع پر آبدیدہ ہوگئیں۔
مریم نواز مینار پاکستان میں ہونے والے مسلم لیگ ن کے جلسہ گاہ میں اسٹیج پر نواز شریف کا استقبال کریں گی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف چار سال بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ لاہور ایئرپورٹ پر سابق وزیراعظم شہباز شریف اور ن لیگی رہنماؤں نے نواز شریف کا استقبال کیا۔ کارکنان نے بھی اپنے قائد کا بھرپور استقبال کیا اور خوشی سے نہال ہوگئے۔
نواز شریف دبئی سے خصوصی طیارے کے ذریعے براستہ اسلام آباد لاہور پہنچے۔ اسلام آباد ایئر پورٹ پر قانونی دستاویزات پر دستخط کرنے کے بعد سابق وزیراعظم خصوصی طیارے میں سوار ہوئے جو انہیں اسلام آباد سے لے کر لاہور پہنچا۔
ن لیگی قائد کا لاہور ایئرپورٹ پر سابق وزیراعظم اور انکے چھوٹے بھائی شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے استقبال کیا۔ نواز شریف کے ساتھ اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ بھی لاہور پہنچے۔
نواز شریف ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد بذریعہ ہیلی کاپٹر گریٹر اقبال پارک میں جلسہ گاہ کےلیے روانہ ہوئے۔ شاہی قلعےکے پاس دیوان خاص پر ہیلی پیڈ بنایا گیا۔
نواز شریف کو ہیلی پیڈ سے گاڑیوں کے قافلے میں مینار پاکستان جلسہ گاہ لے جایا جائے گا۔