• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا میں اب امن کہاں چین کہاں

دوسروں کے بل بوتے پر دنیا میں جو ریاستیں بنی ہیں وہ دوسروں کا حق چھین کر ہی بنی ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ کمزور انسانوں سے بچ سکیں گی نہ چین سکون امن پا سکیں گی۔ بہتر ہوتا کہ انسانیت اس حقیقت کو جان لیتی، جو حق کے دعویدار ہیں وہ قوت ایمان سے محروم ہیں اسی لئے آج 57 اسلامی ممالک پٹ رہےہیں اور وہ ایک دوسرے کی لفظی مدد اور دشمن کی مذمت کے سوا کچھ نہیں کرسکتے، قرآن نے صدیوں پہلے مسلم امہ کو کہا تھا کہ ان کے مقابلے کے لئے تم سے جس قدر ہو سکے قوت جمع کرو ، آج امت مسلمہ کے پاس سارے وسائل ہیں مگر طاقت نہیں، جہاد کا فلسفہ بھی کب کا ترک کرکے طاقتور یہود و ہنود و نصاریٰ کے رحم و کرم پر ہیں، اب اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ اس عالم میں طاقت کا فلسفہ ہی چلے گا اور جو بھی طاقتور نہیں ہوگا وہ فلسطین و کشمیر بن جائے گا، کیا طاقتور ممالک آئی ایم ایف سے قرضے لے کر راج کر رہے ہیں، انہیں فلسطین و کشمیر جیسے مسائل سے پالا پڑا ہے اور نہ ان کے مقابل کسی میں آنے کی سکت ہے، جو خود کو حق پر سمجھتے ہیں وہ دراصل حق پر نہیں باطل کے غلام ہیں ،اسی لئے آج ان کا یہ انجام ہے کہ اپنے مظلوموں پر ظلم کے ہولناک مناظر دکھانے کے سوا کچھ نہیں کرسکتے، ان سے تو کہا گیا تھا کہ تم ہی غالب رہو گے بشرطیکہ تم صاحب ایمان ہو، ہم کیا تجاویز دیں مظلوموں کے خیرہ خواہ خود سب کچھ جانتے ہیں۔ اس لئے وہ لفظی و اخلاقی مدد کے سوا کچھ نہیں کرسکتے، یاد رہے کہ ظالم قوتوں کے کوئی آداب جنگ ہوتے ہیں نہ اصول وہ صرف نسل کشی کا منشور رکھتے ہیں، اور اس پر عمل پیرا ہیں۔ الغرض ؎

نہ سمجھو گے تو مٹ جائو گے اے مسلم جہاں والو

تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں

٭٭٭٭

جی آیاں نوں

پاکستان کے شہرۂ آفاق سیاستدان اور رموز حکمرانی کے واحد عالم میاں محمد نواز شریف پاکستان تشریف لا چکے ہیں بقول مسلم لیگ نون ان کے آنے پر ہی منحصر ہے اس وطن کی رونق، وہ آگئے اب ملک اسفل السافلین سے ہوا کے دوش پر ترقی و خوشحالی کے اعلیٰ علیین پر خیمہ زن ہوگا، انہوں نے اقتدار سے جنم لے کر اقتدار نشینی کی، بلاشبہ ان کے دور میں دودھ شہد کی نہریں نہیں بہتی تھیں مگر اس ذلت سے بھی دوچار نہیں تھے جس سے آج ہمارا واسطہ پڑا ہوا ہے، کیا ہمارے ہاں مہنگائی، غزہ پر بمباری سے کم ہے؟ وہ جن حالات میں قدم رنجہ فرما رہے ہیں ان کی زہر ناکی سے پوری قوم ادھ موئی ہے۔ میں اسے ان کی کرامت سمجھتا ہوں کہ ان کے آنے پر پورا ملک ریڈ کارپٹ بچھانے کھڑا ہے، مینار پاکستان کو ایک دفعہ عمران خان نے بھرا تھا مگر نتیجہ صفر نکلا، اس بار میاں صاحب بھریں گے تو غریبوں کی اکثریت کو آٹے دال کی فکر نہ ہوگی تاآنکہ اشرافیہ اقلیت بھی شادیانے بجائے گی، محرومی کے مارے عوام کو اب وہ فکر نہ ہوگی جو اب ہے، اور چند خاندانوں اور نفوس پر مشتمل اشرافیہ کی جان بھی جان جہاںبن جائے گی، نہ کسی کو گلہ ہوگا نہ شکوہ، ہر ایک کو اس کے مقام و مرتبے کے مطابق ملے گا، ان کی بیٹی نے ان کے لئے جو کیا اس کا اجر تو اللہ ہی دے گا، مگر ایسی بیٹی تو خدا سب کو دے، کسی کو اچھا لگے برُا لگے، مریم نے باپ سے محبت کا حق ادا کردیا ہے، وہ اپنی دخترانہ محبت میں اتنی آگے نکل گئی ہیں کہ میاں صاحب کی بھی پدرانہ شفقت کم پڑ جائے، بہرحال میاں صاحب کے لئے مینار پاکستان تک تو فیلڈ لیولڈ ہے، اس کے بعد بھی ان کی کرشماتی قیادت سارے رستے ہموار کرلے گی، میاں صاحب کا تقابل خان صاحب سے کرنا درست نہیں کہ قانونی لحاظ سے دونوں میں بڑا فرق ہے، بہرصورت میاں نواز شریف گھر آنے پر جی آیاں نوں، اب میاں دے نعرے وجن گے اور بازاروں میں غریبوں کا آنا جانا عام ہوگا کہ مشکل ان کی دسترس میں ہوگی۔

٭٭٭٭

گلیاں گیراج بن گئیں

سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک اپنی جگہ کہ اپنی گلی میں بھی ڈرائیونگ امتحان بن گئی، مکان 3مرلے کا اور گاڑی کروڑ کی، اپنے دروازے تک پہنچنے کے لئے پہلے ہمسایوں کے دروازے کھٹکھٹانے پڑتے ہیں ،کیا ٹریفک قوانین صرف سڑکوں پر لاگو ہوتے ہیں، گلیوں محلوں میں نافذ نہیں ہوتے؟ ارباب ٹریفک کبھی گلیوں کا بھی معائنہ کرلیا کریں کہ وہاں ٹریفک قوانین کی دھجیاں جا بجا نظر آتی ہیں، گھر کے سامنے گاڑی کھڑی کرکے اسے غسل دینے کا رواج بھی عام ہے، لاکھوں کے مکان کے باہر کروڑوں کی گاڑی کیا اپنے وسائل سے باہر جانے کے مترادف نہیں؟ ایف بی آر والے ہی آ کر دیکھ لیں اگر ٹریفک پولیس والے نہیں آتے، جن کے پاس گاڑی مکان کے مطابق ان کے لئے بڑا عذاب کہ اپنے گھر کے گیراج تک گاڑی کیسے لے جائیں، 15، 20 فٹ کی گلی میں انکروچمنٹس کے ہوتے ہوئے ایک لش پش قیمتی گاڑیوں کی دو رویہ قطار لگی ہو ان کے بیچ سے ایک صاحب گیراج تک اپنی گاڑی کیسے گزارے یہ پل صراط پر سے گزرنے کے مترادف، اب کہیے وہ جو اپنی گاڑی اپنے گیراج میں کھڑی کرنا چاہتا ہو وہ مختلف دروازوں پر دستک بھی دے منت بھی کرے تب جاکر گاڑیاں آگے پیچھے کرکے گیراج والے صاحب کی گاڑی کو راستہ ملتا نہیں راستہ بنایاجاتا ہے۔گلی محلوں میں بعض لوگوں نے اپنے بڑے کمرشل گیراج بھی بنا رکھے ہیں اسی طرح مکانوں کی تعمیر میں گلی کا کچھ حصہ بھی شامل کیا جاتا ہے جو غیر قانونی ہے معلوم نہیں ٹائون پلاننگ کا محکمہ کس دیس بستا ہے جو غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس ہی نہیںلیتا، ایسے محکمے جن کی کارکردگی نظر نہیں آتی بند کردیئے جائیں ہمارے قرضے اتر جائیں گے، جس نے بھی گاڑی رکھنی ہو وہ پہلے گیراج کے لئے جگہ چھوڑے پھر کچھ جگہ بچے تو وہاں اپنے سمیت پارک ہو جائے یا گاڑی رکھے ہی نہیں پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرے۔ ٹریفک پولیس کے کرتادھرتا خدا کے لئے گلیوں محلوں میں گاڑیوں کی دو رویہ قطاروں کو پہلے دیکھیں پھر ایکشن لیں ورنہ لوگ گاڑیاں رکھتے ہوئے اپنی گلی سے نکل نہیں سکیں گے۔

٭٭٭٭

اپنی نبیڑ تو!

...Oاسرائیل غزہ تنازع کو سوشل میڈیا پر جس انداز سے ہولناک مناظر کی صورت پیش کیا جاتا ہے اس سے کچھ بھی نہ ہوگا، بلکہ مسئلہ مزید الجھ جائے گا، ہمارا یہی حال ہے کہ تو کون،کہا: میں خواہ مخواہ، کشمیر میں مسلسل ہمارے پہلو کیا کیا مظالم نہیں ہوتے لیکن ہم ہیں کہ ’’آپ نہ کسے جوگی، گوانڈ پئی بلاوے‘‘۔

...Oسائفر کیس میں سرکردہ سابق عہدیدار گواہوں کے عمران خان کے خلاف دھماکہ خیز بیانات، جیسے جر م کی سنگینی میں اضافہ۔

جتنے لوگ بھی گڑھے کو نہ دیکھ کرکود پڑے اب وہ گڑھے کی تہہ سے عجب بولیاں بول رہے ہیں مگر اب وہ اور خان صاحب اکٹھے بروز قیامت باہر نکلیں گے اور حساب دیں گے۔

...Oچینی صدر نے حق سچ کی بات کی کہ مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل کے سوا کوئی راستہ نہیں، اگر امریکا کو اسرائیل اور اسرائیل کو امریکا نہیں چلا رہا تو بائیڈن کو چاہیے کہ دو ریاستی حل کو حقیقت بنا دے، اس سے اسرائیل اس کے کاندھے سے یا وہ اسرائیل کے کاندھے سے اتر جائے گا، یہود ہو کہ نصاریٰ شاید ہی کہیں گنتی کے ہوں دراصل یہود و نصاریٰ مل کر ایک عالمی صہیونی قوت کی صورت موجود ہیں۔

٭٭٭٭

تازہ ترین