قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) کے طیاروں کو ایندھن کی فراہمی کا معاملہ واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے معطل ہوگیا، جس کی وجہ سے پی آئی اے کی ملکی اور غیر ملکی 43 سے زائد پروازیں اُڑان نہ بھر سکیں۔
ترجمان کے مطابق کراچی میں پہلی بار صورتحال سنگین ہوئی، جب شہر قائد کےلیے صرف 2 پروازیں آپریٹ ہوئیں، اتوار کو کراچی سے جدہ اور اسلام آباد سے کراچی کےلیے دو پرواز آپریٹ کی گئیں۔
اس کے علاوہ کراچی سے یا کراچی کے لیے کسی اور ایئر پورٹ سے کوئی مقامی یا بین الاقوامی پرواز آپریٹ نہیں ہوئی۔
اتوار کو 52 انٹرنیشل پروازوں میں صرف 7 پروازیں آپریٹ ہوسکیں، قومی ایئر لائن کا آپریشن انتہائی بحران میں ہونے سے ادارے کو اتوار کو 70 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔
حکام کے مطابق اتوار کو ایندھن نہ ملنے کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک 77 پروازیں متاثر ہوئیں، 43 سے زائد پروازیں منسوخ ہونے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا رہا۔
قومی ایئرلائن نے مجموعی طور پر پی ایس او کو 22 کروڑ سے زائد واجبات ادا کرنے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو بینکوں میں چھٹی کی وجہ سے ادائیگی نہ ہوسکی۔ اس بنا پر ادارے کی بیشتر پروازوں کو فیول نہ مل سکا، رات کو مزید 5 پروازوں کو فیول فراہم کردیا گیا جس بنا پر پی آئی اے کا رکا ہوا پہیہ چلا پڑا۔