پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ آئندہ حکومت کا انتخابات میں عوام فیصلہ کریں گے۔
یوسف رضا گیلانی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ پیپلز پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ کا اعتراض نہیں کرنا چاہیے، پیپلز پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ کبھی ملی ہی نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے یوسف رضا گیلانی سے سوال پوچھا کہ آج کل جو کچھ تحریکِ انصاف کے ساتھ ہو رہا ہے اس پر کیا کہیں گے؟
اس سوال کے جواب میں سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ جو معاملات عدالتوں میں ہیں اِن کا فیصلہ عدالتوں کو ہی کرنے دیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یوسف رضا گیلانی اپنے وکلاء کے ساتھ احتساب عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
احتساب عدالت کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں ذاتی حیثیت میں آج یوسف رضا گیلانی کو طلب کیا گیا تھا۔