انٹر ڈویژنل قومی باسکٹ بال چیمپئن شپ لاہور نےجیت لی، فائنل میں اسلام آباد کو 59 کے مقابلے میں 100 پوائنٹس سے ہرایا۔
جناح اسٹیڈیم کے لیاقت جمنازیم ہال میں کھیلا گیا ایونٹ کا فائنل لاہور اور میزبان شہر اسلام آباد کے درمیان تھا جس میں لاہور کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو مات دے دی۔
فیصلہ کن معرکے میں لاہور نے 100 جبکہ اسلام آباد نے 59 پوائنٹس اسکور کیے۔ فائنل کو دیکھنے کےلیے مقامی شائقین کے علاوہ غیر ملکی شائقین بھی موجود تھے۔
ایونٹ میں تیسری پوزیشن فیصل آباد نے حاصل کی جس نے پشاور کو 43 کے مقابلے میں 55 پوائنٹس سے ہرایا۔
قومی باسکٹ بال چیمپئن شپ باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے تحت کھیلی گئی جس میں 8 ریجنز نے شرکت کی۔