نگراں وزیرِ داخلہ سندھ حارث نواز نے کہا ہے کہ یکم نومبر سے غیر قانونی مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن ہو گا۔
انہویں نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ آخری بار خبردار کر رہے ہیں، ہم نے بہت مہمان نوازی کر لی ہے، اپنے رشتے داروں سے رابطہ کریں اور واپس چلے جائیں، کسی نے غیر قانونی مہاجرین کو پناہ دی تو سخت کارروائی ہوگی۔
حارث نواز نے کہا ہے کہ اسپیشل برانچ سے مکمل تفصیلات حاصل کی گئی ہیں، غیر قانونی مہاجرین سے متعلق کیماڑی میں کیمپ بنائے جائیں گے، بھارتی تارکینِ وطن کو واہگہ بارڈر سے بھیجا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، نادرا نے اگر جعلی کارڈ بنائے ہیں تو اس کے لیے ٹیم تشکیل دی ہے، جعلی کارڈز پر نادرا کے خلاف بھی کارروائی ہو گی، جن مہاجرین کے پاس نادرا کارڈز اور پاسپورٹ ہیں وہ دوبارہ چیک ہوں گے۔
نگراں وزیرِ داخلہ سندھ حارث نواز نے مزید کہا کہ ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں پنجاب حکومت سے رابطے میں ہیں، اب ہم کچے کے ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑیں گے۔
اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائم اور منشیات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن جاری ہے۔