• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائیکورٹ: کراچی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین نسیم میمن بحال

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین نسیم میمن کو بحال کردیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں نسیم میمن کی درخواست پر تعلیمی بورڈز سربراہان کی معطلی کیس کی سماعت ہوئی۔ 

عدالت نے دلائل سن کر کراچی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین نسیم میمن کو بحال کردیا۔

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر رفیق کلوڑ نے عدالت کو بتایا کہ نسیم میمن کی تقرری سرچ کمیٹی کے ذریعے کی گئی۔

انکا کہنا تھا کہ نسیم میمن پہلے ہی سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین تعینات ہوئے تھے۔ 

جسٹس صلاح الدین پنہور نے سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین کو عارضی چارج کے باعث معطل کردیا تھا۔

معطلی کے حکم نامے میں حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص، شہید بےنظیرآباد و دیگر بورڈز کے چیئرمین شامل تھے۔ حکومت سندھ نے بورڈز چیئرمین کو عارضی چارج دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

عدالت نے بورڈز اینڈ یونیورسٹیز کے سیکریٹریز کی تعیناتی 2021 میں دیے گئے اشتہار کے مطابق کرنے کی ہدایت کی تھی۔

عدالت نے سیکریٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹیز سے 3 نومبر تک عمل درآمد رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے۔

قومی خبریں سے مزید