مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ہاتھ پاؤں باندھے بغیر مقابلے میں جس مرضی پہلوان کو اکھاڑے میں اتار لو، سب کو آٹے دال کا بھاؤ پتہ چل جائے گا۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے انصاف مل جائے تو آپ ہمیں لاڈلہ کہتے ہیں؟ نواز شریف کا پانامہ میں ذکر تھا نہ ان کی کوئی آف شور کمپنی نکلی، ہم نے اپنے اوپر مظالم کو بھلا دیا اور ہم وینٹی لیٹر پر پڑی معیشت کو دیکھ رہے ہیں۔
جاوید لطیف نے کہا کہ ایسا بیانیہ اور ماحول بنایا جا رہا ہے جیسے ہمیں انصاف نہیں فیور دی جا رہی ہے، جاوید ہاشمی نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ نواز شریف کو عدلیہ کے ذریعے نکالا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اربوں روپےخرچ کر کے سوشل میڈیا ٹیموں کے ذریعے ہمیں چور اور ڈاکو کے لقب دلوائے گئے، سوشل میڈیا پر بالخصوص نوجوانوں کی ذہن سازی کی گئی کہ ایک فرد کے علاوہ سب چور اور ڈاکو ہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ووٹ کو عزت آئین کے احترام میں ہے، پاکستان بگاڑنے والے اور ٹھیک کرنے آنے والوں کو ایک لاٹھی سے نہیں ہانکا جا سکتا، ہم اپنا نہیں لیکن قانون اور آئین کا احترام چاہتے ہیں۔
جاوید لطیف نے مزید کہا کہ کہتے تھے کہ مینارِ پاکستان پر لوگ نہیں آئیں گے، عوام نے 21 اکتوبر کو ثابت کر دیا کہ ملک کا مستقبل نواز شریف سے وابستہ ہے، آج کیوں کہا جا رہا ہے کہ نواز شریف کو انصاف فاسٹ ٹریک پر مل رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم پاکستان کو ترقی پر لاتے ہیں تو ہمیں نکال دیا جاتا ہے، ہم کسی سے انتقام نہیں لینا چاہتے، آئین کا تحفظ چاہتے ہیں۔