میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ضلع کورنگی کے علاقے سعود آباد میں فیملی پارک کا افتتاح کر دیا۔
پی پی رہنما نے پارک کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے کورنگی کو ماڈل ٹاؤن بنانے کا وعدہ کیا تھا انہوں نے کچھ نہیں کیا، آج کورنگی میں ہوں یہاں پیپلز پارٹی کامیاب نہیں ہوئی، لیکن تباہ حال پارک کو ہم نے درست کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی جانب سے نو تعمیر شدہ فیملی پارک کا ایک ایکڑ کا رقبہ اسپیشل افراد کے لیے مختص ہے، فیملی پارک سعود آباد کے مکینوں کو تفریحی سہولتیں مہیا کرے گا۔
مرتضیٰ وہاب نے شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شفاف الیکشن ہونے چاہئیں، نواز شریف 2017ء میں عدالتی فیصلے کے مطابق نااہل ہوئے، یا تو یہ عمل غلط تھا یا میاں صاحب، جو غلط ہو اس کو سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم حافظ نعیم کو شیروانی بھی تحفے میں دے دیں گے اور عملے سے کہوں گا کہ کسی منصوبے کے افتتاح میں حافظ نعیم کا نام بھی تختی پر لکھ دیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ لیڈر کا کام عوام کو مشکلات بتانا نہیں بلکہ ان مشکلات کا حل نکالنا ہے، جماعتِ اسلامی والے اپنے علاقے سے پتھارے نہیں ہٹا سکتے۔
انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی کی بہت بڑی ریکوری ہونے والی ہے، پیپلز پارٹی اپنے وعدوں کی تکمیل کر رہی ہے، اس وقت ہم شہر کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔