مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کو 2017ء میں سازش کے ذریعے اقتدار سے نکالا گیا، جبکہ 2018ء میں مسلم لیگ ن کو لیول پلیئنگ فلیڈ نہیں ملی تھی۔
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتے گی، الیکشن وقت پر ہی ہونے چاہئیں تاکہ معاشی استحکام آئے۔
علاوہ ازیں لاہور میں ہی احسن اقبال نے تقریب میں انجینئرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خسارے میں چلنے والے ادارے سالانہ 2 ارب ڈالرز کھا جاتے ہیں، ملکی معیشت کو اس وقت توانائی کے بحران کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شکرگڑھ میں ایک سڑک تعمیر کے فوری بعد اکھڑ گئی، سڑک کی تعمیر میں سیمنٹ کی جگہ مٹی ڈالی گئی، انجینئرز ہی ملک کو ہر قسم کے بحران سے نکال سکتے ہیں۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ انتظامی ڈھانچے کو یکسر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، انتظامی ڈھانچے میں پروفیشنل لوگوں کو آگے لانا ہو گا۔