امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اگلا ملین مارچ 19 نومبر کو لاہور میں ہوگا۔
اسلام آباد میں خطاب کے دوران سراج الحق نے کہا کہ ہم نے امریکی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسکول اور اسپتال نشانہ بنائے جارہے ہیں، جب تک ظلم ختم نہیں ہوتا، اسرائیل کی دہشت گردی ختم نہیں ہوتی تب تک یہ تحریک جاری رہے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ہم غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دنیا بھر کے باضمیر مسلمانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے اہل فلسطین کی حمایت کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ افسوس ہے مسلمان حکمرانوں نے امریکا کی طرف دیکھنا شروع کیا، حکمرانوں کا کام غزہ دوائی یا کھانا پہنچانا نہیں بلکہ اُن کا کام وہاں کے عوام کو بچانا ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ ہمارے مسلمانوں حکمرانوں نے اپنی ذمے داری پوری نہیں کی، چند دنوں میں 7 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ترکیے کے صدر نے اسرائیل کو زبردست پیغام دیا، امریکا کی سپورٹ کے باوجود حماس نے ان کے غرور کو خاک میں ملایا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حماس کے لوگوں نے امریکا کے تکبر کے باوجود اسرائیل کو قبرستان بنایا۔ ہم امریکا اور امریکی صدر کی اسرائیلی حمایت کے خلاف ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کل اسلام آباد میں ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا گیا، پوچھتا ہوں ہماری پکڑ دھکڑ کرکے کس کو خوش کرنا چاہتے ہو؟
سراج الحق نے کہا کہ یہاں ہمارے اکٹھے ہونے کا مقصد غزہ کے مسلمانوں سے یکجہتی ہے، امریکی نائب سفیر کی ایک کال پر ہمارے کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔