• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان لٹریچر فیسٹیول سکھر چیپٹر اختتام پذیر، عوام نے بھرپور پذیرائی کی، احمد شاہ

 
فوٹو بشکریہ آرٹس کونسل
فوٹو بشکریہ آرٹس کونسل

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے اشتراک سے دو روزہ "پاکستان لٹریچر فیسٹیول 2023 سکھر چیپٹر" علم و ادب، سندھ کی ثقافت، تاریخ و تحریک پر سیرحاصل گفتگو اور تجاویز کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔

فیسٹیول میں معروف ادیب، شاعر، گلوکار، جامعات کے طلبہ و طالبات سمیت سکھر کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ادبی نشستوں، مباحثوں، ادبی و سیاسی شخصیات سے گفتگو سمیت مشاعرہ، میوزیکل پروگرام، کتابوں، کپڑوں اور سندھی ثقافت کی عکاسی کرتے رنگ برنگی دستکاریوں کے اسٹالز شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

اختتامی تقریب میں صدر کراچی آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، میئر سکھر ارسلان اسلام الدین شیخ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کمیل حیدر شاہ، وائس چانسلر آئی بی اے ڈاکٹر آصف احمد شیخ، سکھر آرٹس کونسل کے صدر ممتاز بخاری، سینئر اداکار منور سعید، مصطفیٰ قریشی، سینئر صحافی سہیل وڑائچ، غازی صلاح الدین، ماہر تعلیم ڈاکٹر جعفر احمد، ڈاکٹر عادل سومرو، فضل اللّٰہ قریشی و دیگر شریک تھے۔ تقریب کی نظامت ہما میر نے کی۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے کہا کہ سکھر کے عوام نے پاکستان لٹریچر فیسٹیول کا بہت زبردست استقبال کیا، ہم فن و ثقافت کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں اور سندھ کے کلچر کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے کونے کونے میں پھیلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ادیب و شاعر ہمارا قومی اثاثہ ہیں، ہمیں ان کی قدر کرنا چاہیے، آئی بی اے یونیورسٹی سکھر، میئر سکھر اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کا شکر گزار ہوں جن کے تعاون کے بغیر یہ فیسٹیول ہونا بہت مشکل تھا۔

وائس چانسلر آئی بی اے یونیورسٹی سکھر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے کہا کہ فیسٹیول کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم دوبارہ فروری میں فیسٹیول کو سکھر لے کر آئیں گے۔

کمشنر سکھر سمیع صدیقی نے کہا کہ فیسٹیول کی شکل میں شہریوں کو خوشیاں دینے پر احمد شاہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمارے نوجوانوں کی خواہش ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے اور اگلی بار آئیں تو راحت فتح علی خان کو ضرور ساتھ لائیں۔

مئیر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ پورا سندھ نہیں پورے پاکستان نہیں پوری دنیا میں اس پاکستان لٹریچر فیسٹیول کا ذکر ہو رہا ہے، ہمیں مسلم امہ کے ساتھ اچھا پاکستانی بننے کی توفیق دے۔ فلسطین پر جو مظالم کر رہے ہیں اللّٰہ ان کو نیست و نابود کرے۔

چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سکھر کے بارے میں یہ تاثر تھا کہ یہاں حالات ٹھیک نہیں، احمد شاہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے فیسٹیول کےلیے سکھر کا انتخاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ راحت فتح علی خان کو سکھر لے کر آئیں اس کا خرچہ ڈسٹرکٹ کونسل اٹھائے گی۔ پی ایل ایف سکھر میں مشہور شاعر تہذیب حافی اور علی زریون کی شاعری کو نوجوانوں نے بہت پسند کیا جبکہ معروف گلوکار عاصم اظہر کے ون ٹو ون سیشن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد محظوظ ہوئی۔

فیسٹیول کا اختتام میوزیکل کنسرٹ پر کیا گیا جس میں معروف گلوکار عاصم اظہر، سیف سمیجو، وہاب بگٹی، ایکمابینڈ کی شاندار پرفارمنس پر شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی جو اس سے لطف اندوز ہوئی۔

جبکہ ساﺅنڈ آف کولاچی، فقیر اللّٰہ رکھیو، فقیر ایاز، جہانزیب شاہ اور اسلان شیخ نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید