مسلم لیگ ن کے قائد، سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے کی وفات سے دل بہت رنجیدہ ہے۔
مولاناطارق جمیل کے بیٹے کی وفات پر نواز شریف نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔
نواز شریف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بلاشبہ اولاد اللّٰہ تعالیٰ کی نعمتوں میں بڑی نعمت ہے، دُکھ کی گھڑی میں مولانا طارق جمیل کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
نواز شریف نے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے، لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے، آمین۔
واضح رہے کہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے یوسف جمیل نے مرحوم بھائی عاصم جمیل کی خودکشی کی تصدیق کی تھی۔
یوسف جمیل نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے بھائی کی خود کشی سے متعلق خبروں کی تصدیق کی اور کہا کہ میں مرحوم بھائی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی منفی خبروں کا سد باب کرنے کے لیے یہ ویڈیو پیغام انتہائی بوجھل دل کے ساتھ ریکارڈ کر وا رہا ہوں۔
انہوں نے جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں بعداز سلام کہا کہ ’ أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ، بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ، كُلُّ نَفْسٍ ذَآىٕقَةُ الْمَوْتِؕ، میں انتہائی بوجھل دل اور افسوس کے ساتھ یہ ویڈیو ریکارڈ کروا رہا ہوں، آج شام میرے چھوٹے بھائی عاصم جمیل کا انتقال ہو گیا، یہ ہمارے اہل خانہ کے لیے ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔