• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ نے گتھی سلجھا دی

وطن عزیز میں انتخابات کبھی اتنے غیر حتمی نہیں ٹھہرے تھے جس قدر اس بار تاریخ تھی کہ تاریخ اور تاخیر کا حصہ بن گئی، عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس کو قوم کا سلام کہ انتخابات کی گتھی سلجھا دی اور نہ صرف صدر اور الیکشن کمیشن کو ملا دیا بلکہ پی پی اور پی ٹی آئی کو بھی ایک گھاٹ پرپانی پلا دیا، ہمیں لگتا ہے کہ ملک میں اگر عدلیہ چاہے تو سیاسی مقابلے ذاتی دشمنی نہیں بن سکتے، حب الوطنی پر سب ایک ہوں تو ہمارا نظام درست اور ترقی اڑان بھر سکتی ہے۔ بہرحال چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے نام کے ساتھ جسٹس نہ بھی لگایا جائے تو وہ جسٹس ہیں تعمیر وطن کا ہنر اور عدل انہیں ورثے میں ملا ہے، ہمیں توقع ہے کہ وہ اپنے دور میں اصلاح و فلاح کیلئے بہت کچھ کر جائیں گے، ارباب سیاست پر لازم ہے کہ ادارہ انصاف کی قدر کریں، اسی طرح عدل عام ہوگا، عدالتیں کام کر رہی ہوں تو کسی بھی چرچل کو فکر نہیں ہوتی، حضرت علیؓ نے شریح نام کے ایک نوعمر کو اس کی فطری صلاحیت دیکھ کر چیف جسٹس مقررکردیا اس نے پہلے مقدمے ہی میں ایک یہودی کے الزام لگانے پر امیرالمومنین کو کٹہرے میں کھڑا کردیا اور پوری سماعت کے بعد یہودی کے یہ اقرار کرنے پر امیر المومنین حضرت علیؓ کو بری کردیا کہ میں نے امیر المومنین کے گھر میں خود اپنی زرہ رکھوائی تاکہ ان پر چوری کا جھوٹا مقدمہ دائر کرسکوں۔ آج انتخابات کے حوالے سے ہر شخص خوش ہےاور اسے یقین ہے کہ تاریخ بقول چیف جسٹس سپریم کورٹ پتھر پرکندہ ہے، 8فروری پر اتفاق ہوگیا، یہ عدالت عظمیٰ کا کارنامہ ہے، مگر عدل بولے تو یوں بولتا ہے کہ شر خاموش ہو جاتا ہے اور حق کا بول بالا ہو جاتا ہے۔

٭٭٭٭

ظلم مٹایا جائے تو مٹ جاتا ہے

آج دنیا میں جہاں جہاں بھی انسانی حقوق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے اور بے بس مظلوموں پر طاقتور ظالم انتہائی درجے کا ظلم ڈھا رہے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم انتظار کرتے ہیں کہ ظلم اتنا بڑھ جائے کہ خود بخود مٹ جائے، یہ وہ غلط سوچ ہے جو ظلم اور ظالم کو جنم دیتی ہے۔غزہ میں انسانی نسل کشی کا جو بازار جانے پہچانے ظالموں نے گرم کر رکھا ہے اس کے خاتمے کا انتظار کرنا خود کوظلم کے پنجے میں دینے کے مترادف ہے۔ آج دنیا میں انسانی حقوق کی پامالی کا موجب فقط طاقت کایکساں نہ ہونا ہے۔ اگر فلسطینی طاقت میں اسرائیل کے برابر ہوتےتو اس طرح جرم ضعیفی کی سزا مرگ مفاجات کی صورت نہ کاٹتے، کمزور ہونا ہی ہر بیماری کو دعوت دینا ہے، انسان کو اللہ تعالیٰ نے وہ سب کچھ دیا ہے جو طاقتور کے پاس ہے، ایسے کوئی کمزور نہیں ہوسکتا اگر اس نے اپنے حق کے لئے آواز بلند کی ہو، مسلم امہ کے پاس کیا نہیں اگر وہ ایک ہو، یہ کلمہ گو کیوں حق کیلئے یک آواز نہیں ہوتے، صرف اس لئے کہ انہوں نے علوم و فنون کو اولین ترجیح نہیں دی اور یوں ضروریات زندگی میں دوسروں کے محتاج ہوگئے۔ علم طاقت پیدا کرتا ہے،مسلم امہ کی غلطیاں ہی اس کے راستے کی رکاوٹ ہیں، آج اسرائیل نے لگ بھگ 10 ہزار فلسطینی مسلمان مار ڈالے کیا یہی مغرب کی مہذب دنیا ہے کہ ظلم کے خلاف مسلمانوں کوریلی نکالنے کی بھی اجازت نہیں اگر امت مسلمہ اسی طرح اپنوں کی نسل کشی برداشت کرتی رہی تو کل خالق کائنات کو کیا جواب دے گی۔

٭٭٭٭

محتاجی سے نجات یا مرگ مفاجات

ہم اپنے پیارے پاکستان کی بات کرتے ہیں جس کے مفاد پر ہم یکجا نہیں نتائج ہمارے سامنے ہیں، ہمارا ہمسایہ ہمارے آنگن میں کھیلنے کا بھی روا دار نہیں، اس لئے کہ وہ ہماری محتاجی سے آگا ہ ہے، حکومت کسی بھی جماعت کو ملے ملکی ترقی پر سب ایک ہوں، اپوزیشن بہتر انداز میں ملک کو نقصان پہنچانے والے اقدامات پر تنقید کرے، آپس کے اختلافات کے باوجود ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی پر یک آواز ہونا ہی حب الوطنی ہے۔ ہمارا دین ایک ہے اس میں ہم نے فرقے ہزار بنا لئے ہیں، ہر شخص دین کے نام پر اپنی خواہشات کی پیروی کرتا ہے، پچھلے دنوں کسی نے پوچھا بعض لوگ کہتے ہیں مسجد میں آدھی رات کو جانا جائز نہیں کہ اس وقت وہاں جن نمازپڑھتے ہیں، کہئے ایسی بے سروپا باتوں کو دین میں شامل کرنا کیا خود کو دین سے خارج کرنا نہیں؟ آج ہماری سب سے بڑی کمزوری ہماری محتاجی ہے، سائنسز پر کام کا آغاز تو ہم نے بغداد میں کیا تھا، پھر کیا ہوا کہ ہم اپنے شاگردوں کے شاگرد ہوگئے، گویا یہ بات صحیح ہے کہ اگر استاد اپنی صلاحیت نہ منوائےتو شاگرد آگے نکل جاتا ہے، آج جملہ علوم و فنون میں اغیار کی چھتری تلے سانس نہ لیں تو دم ٹوٹ جائے، بنیاد ہم نے رکھی، عمارت مغرب نے کھڑی کردی، اب انہیں آئی ایم ایف کے پاس جانے کی کیا ضرورت، آج اسی مالیاتی ادارے نے ہمیں محتاجی، مفلسی اور مہنگائی میں اس بری طرح جکڑ لیا ہے کہ نہ جانے ہم اس ہنی ٹریپ سے نکل پائیں گے یا باہمی خلفشار کا شکار بھکاری بن کر رہیں گے۔

٭٭٭٭

شفاف انتخابات

O...الیکشن کمشنر: ہر کوئی شفاف الیکشن کا کہتا ہے لیکن مداخلت بھی کی جاتی ہے۔

یہ تو الیکشن کمشنر کی مردانگی ہے کہ انتخابات کی شفافیت خرا ب کرنے والوں کو مداخلت بیجا نہ کرنے دیں، شفاف انتخابات کیلئے آئین نے الیکشن کمیشن کو جملہ انتظامی اختیارات سونپ رکھے ہیں کیا پھر بھی کوئی مداخلت کرسکتا ہے؟۔

O...پی ٹی آئی سے بات چیت کا ارادہ نہیں، کیا یہی سوال پی ٹی آئی سے پوچھا جائے تو وہ ارادہ ظاہر کرے گی، ہمارا خیال ہے کہ یہ سیاسی پھلجھڑیاں نہ ہی چھوڑی جائیں تو سیاسی جگنو اٹھیں۔

O...وزیر اعلیٰ پنجاب نے ماڈل ٹائون میں ٹاٹ اسکول کا دورہ کیا، وہاں پانی اور صفائی کے نہ ہونے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ کیا نہیں جانتے کہ ٹاٹ اسکول ماڈل نہیں، ٹائون ماڈل ہے، ویسے اکیسویں صدی میں صوبائی دارالحکومت میں آخر ٹاٹ اسکول کیوں ہے؟ کیا وزیر اعلیٰ اس اسکول کو ماڈل اسکول نہیں بنا سکتے، ناراضی کی جگہ اسکول کو ٹاٹ کے بجائے کرسی اسکول بنا دیں۔

O...بھکاریوں سے تنگ آنے کی جگہ ان کا بائیکاٹ کریں، جب معلوم ہے کہ بھیک مانگنا منع ہے تو ثواب کمانے کی کوشش کیوں کرتے ہیں، قرآن کہتا ہے کہ مستحق کو اس کے ماتھے سے بھی پہچان لو گے، یہ ہے انفاق فی سبیل اللہ۔

٭٭٭٭

تازہ ترین