خیبر پختون خوا کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محمد اعظم خان آج انتقال کر گئے۔
محمد اعظم خان کے انتقال پر ملک کی معروف سیاسی رہنماؤں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
صدرِ مملکت کا اظہارِ افسوس
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا اعظم خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدرِ مملکت عارف علوی نے نگراں وزیراعلیٰ کے پی کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم اعظم خان کے ساتھ ملاقاتوں میں اُنہیں ایک شریف النفس انسان پایا۔
نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کا ٹوئٹ
نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا اعظم خان کے انتقال کی تکلیف دہ خبر ملی ہے، وہ ایماندار اور نیک انسان تھے۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
شہباز شریف کا اظہارِ تعزیت
مسلم لیگ ن کے صدر، سابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے محمد اعظم خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک وقوم کے لیے اعظم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 16 ماہ کی مخلوط حکومت کے دوران اعظم خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، مرحوم ایسے خاندان سے تعلق رکھتے تھے جن کے کئی افراد نے ملک و قوم کی بڑے خلوص سے خدمت کی۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا ہے کہ اعظم خان کا جذبۂ خدمت دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں، متاثرینِ سیلاب کی مدد کی مہم کے دوران اعظم خان نے نہایت جانفشانی اور اخلاص سے کام کیا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ مرحوم اعظم خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دعا ہے اللّٰہ کریم مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اعظم خان کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم اعظم خان کی وطن اور خیبر پختون خوا کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کی جانب سے مرحوم محمد اعظم خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی گئی ہے۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم محمد اعظم خان کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عطاء فرمائے۔
کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول کی لواحقین سے تعزیت
کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول نے نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا اعظم خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے لواحقین سے تعزیت کی ہے اور انہیں صبر کی تلقین کی ہے۔
پی پی خور احمد شید شاہ نے کہا ہے کہ اعظم خان کی بطور بیورو کریٹ اور صوبائی وزیر اور نگراں وزیراعلیٰ خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم اعظم خان کو صوبے کے عوام کے لیے کیے گئے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اعظم خان کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا خراجِ عقیدت
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی سیاسی خدمات پر ان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کی مرحوم کیلئے دعا
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اعظم خان کے انتقال پر دعا کی ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ اُنہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔