• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ چوہدری نثار کے حلقے سے اپنا امیدوار ضرور کھڑا کریگی: رانا ثناء اللّٰہ

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ----فائل فوٹو
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ----فائل فوٹو

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ن لیگ چوہدری نثار کے حلقے سے اپنا امیدوار ضرور کھڑا کرے گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ اس سے انکار نہیں کہ مہنگائی اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے، دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کی طرح مہنگائی پر بھی قابو پالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پہلے بھی نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ایسے بحرانوں سے نکالا، کہا جاتا تھا کہ ہم مینارِ پاکستان نہیں بھر سکتے، ہم نے مینارِ پاکستان ہی نہیں پورا لاہور بھر کے دکھا دیا، 21 اکتوبر کے جلسے میں ملک بھر سے لوگ شریک ہوئے تھے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سازش کے تحت 1 شخص کو لانچ کیا گیا تھا، ملک خوش حالی کی طرف بڑھ رہا تھا، اس کی رفتار روک دی گئی، آج عام آدمی کا جینا مشکل نہیں بلکہ ناممکن ہو چکا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف نے قوم کو نئی امید دلائی، ہم انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر چکے ہیں، نواز شریف دوسرے صوبوں کے دوروں کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہماری انتخابی سرگرمیاں پنجاب سمیت ملک بھر میں جاری ہیں، کہا جاتا ہے کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کارکردگی بہتر نہیں تھی، ضمنی الیکشن میں ہم اپنی کارکردگی نہیں دکھا سکے، مسلم لیگ ن نے مشکل حالات میں جدوجہد کی ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہمارے رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالا گیا اس کے باوجود ہم کھڑے رہے، کیا پنجاب میں قومی اسمبلی کی سب سے بڑی پارٹی ن لیگ نہیں تھی؟ 2018ء کے الیکشن میں مشکلات کے باوجود ہم نے کامیابی حاصل کی تھی، ہم ملک اور عوام کو ایک بار پھر بحرانوں سے نکالیں گے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو سزا دینے والے بھی پکار اٹھےکہ غلط سزائیں دی گئیں، پوری اُمید ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں نواز شریف کو انصاف مل جائے گا، نئے پاکستان کا تجربہ ناکام رہا، ایک ایک ڈالر کے لیے آئی ایم ایف کی منتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا وفد جی ڈی اے اور ایم کیو ایم پاکستان سے مذاکرات کے لیے سندھ میں ہے، احمد رضا مانیکا کو ٹکٹ دیا تو سردار منصب ڈوگر ناراض ہو گئے تھے، ناراضی دور کر دی، سردار منصب ڈوگر، احمد رضا مانیکا مل کر پاکپتن میں پارٹی کو مضبوط کریں گے۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ ن لیگ کے ناراض اراکین کو منانے میں کامیاب ہو گئے ہیں، سہولت کاری کی بات کی جا رہی ہے، کون سی سہولت کاری؟ ہم ایک ایک سیٹ پر کام کر رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے یہ بھی  کہا کہ ہم وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائیں گے، ان شاء اللّٰہ نواز شریف دسمبر میں اپنے جلسوں کا آغاز کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید