• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مچھیرا دریا سے ڈولفن پکڑ کر گھر لے آیا

بھارتی ریاست بہار کے ضلع سہرسہ میں مچھیرا کوسی دریا سے نایاب گنگا ڈولفن پکڑ کر گھر لے آیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ماہی گیر کے جال میں نایاب گنگا ڈولفن پھنس گئی تھی، جسے اس نے آزاد کرنے کے بجائے گھر منتقل کردیا۔

واقعے کی ویڈیو ایک مقامی شخص نے اپنے موبائل فون سے بنائی اور سوشل میڈیا پر شیئر کردی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں ماہی گیر کو ڈولفن سے تیل نکالنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد محکمہ جنگلات اور ضلعی انتظامیہ حکام حرکت میں آئے اور ماہی گیر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، تاہم ایف آئی آر کے اندراج کے بعد وہ فرار ہوگیا۔

پولیس نے دو روز تک تلاش جاری رکھی، جس کے بعد تیسرے روز ماہی گیر کو گرفتار کرلیا گیا۔

سب ڈویژنل پولیس افسر اوم پرکاش کے مطابق ڈولفن کے شکار اور اسے ہلاک کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ جنگلات اور بہار پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے، جس کے بعد اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گنگا ڈولفن کو بھارت میں قانونی تحفظ حاصل ہے اور وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1972 کے تحت اس کا شکار یا اسے ہلاک کرنا ممنوع ہے۔

گنگا، برہم پتر اور میگھنا دریائی نظام میں پائی جانے والی گنگا ڈولفن ایک معدومیت کے خطرے سے دوچار میٹھے پانی کی نسل ہے اور اسے بھارت کا قومی آبی جانور بھی قرار دیا گیا ہے۔

بھارتی قوانین کے تحت محفوظ جنگلی حیات کے شکار سے متعلق جرائم میں جرم کی نوعیت اور متعلقہ قانونی دفعات کے مطابق سات سال تک قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید