• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ گروپ کا مرحلہ، بھارت ناقابل شکست، آخری میچ بھی جیت لیا، ابتدائی پانچ بیٹرز کے 50 یا زائد رنز

بنگلورو (جنگ نیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ کے 45 ویں اور آخری گروپ میچ میں بھارت نے نیدرلینڈز کو 160 رنز سے شکست دے دی۔ ہوم سائیڈ نے اپنے تمام نومیچز جیت کر پورے 18 پوائنٹس حاصل کیے۔ بنگلورو میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدر لینڈز کو جیت کے لیے411رنز کا ہدف دیا ۔ ٹاپ پانچ بیٹرز نے 50یا زائد رنز اسکور کرنے کا کارمانہ انجام دیا۔ جواب میں ناکام ٹیم 250رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ تیجا ندامنورو 54اور سائبرینڈ اینجل 45 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ کولن ایکرمین 35 اور میکس او ڈوڈ نے 30رنز بنائے۔ بھارتی بولرز محمد سراج، بمراہ ، کلدیب یادیو اور رویندرا جدیجا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ویرات کوہلی اور روہت شرما نے بھی 1 ، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل بھارت نے مقررہ 50اوورز میں 4وکٹ پر 410رنز بنائے ۔ اوپنرز نے جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کیا اور روہت شرما اور شبمن گل پر مشتمل بھارتی اوپننگ جوڑی نے یہ فیصلہ درست ثابت کر دکھایا اور پہلے پاور پلے میں مہمان باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے 10 رنز فی اوور کی اوسط سے رنز اسکور کیے۔ اس کے دونوں بیٹرز نے نصف سنچری اسکور کی ۔ پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شبمن گل تھے جو 100 کے مجموعے پر 4 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 51رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اگلی وکٹ 129کے اسکور پر اس وقت گری جب کپتان روہت شرما 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر کیچ ہوگئے۔ اس کے بعد ویرات کوہلی اور سریاش ائیر نے ٹوٹل 200 رنز تک پہنچایا۔ اس وقت اسٹائلش بیٹر ویرات کوہلی 51 رنز بنا کر پویلین کی جانب لوٹ گئے اپنی اننگر میں انہوں نے 1چھکا اور 5زبردست چوکے لگائے۔سریاش ایئر اور کے ایل راہول نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 10رنز فی اوور کی اوسط سے کھیلتے ہوئے 21اوورز میں 208رنز کی شراکت قائم کی۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کے ایل راہول تھے جو آخری اوور کی پانچویں گیند پر 102رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس وقت ٹیم کا اسکور 408تھا، شریاس ائیر 128رنز بنا کر نا قابل شکست رہے۔ نیدرلینڈز کے باس ڈی لیڈا 2، پال وین میکیرن اور وین ڈر میروی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تمام ٹیموں نے پہلے مرحلے کے 9،9 میچز کھیل لیے ، بھارت کوئی میچ بھی نہیں ہارا ، جبکہ نیدرلینڈز نے اپنے 2میچز جیتے ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے اور نیدرلینڈز دسویں (آخری) نمبر پررہا۔ (کھیلوں کی مزید خبریں صفحہ2پر)

اسپورٹس سے مزید