• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکرنڈ: 4 افراد کا قتل، تفتیش DIG بینظیر آباد کے سپرد

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

سندھ ہائی کورٹ نے سکرنڈ کے علاقے ماڑی جلبانی میں 4 افراد کے قتل کے مقدمے کی تفتیش ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد کے سپرد کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ میں 4 افراد کے قتل کے واقعے کی جوڈیشل انکوائری اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے وکلاء کی درخواست سے متعلق جسٹس امجد علی سہتو نے سماعت کی۔

سماعت پر کارروائی کے لیے ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔

 ایس ایس پی کی جانب سے عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق مقتولین کے ورثاء اور زخمیوں کو معاوضہ ادا کر دیا گیا ہے، مقتولین کے ورثاء کو عدالت میں پیشی کے لیے نوٹس کی تعمیل بھی کی گئی۔

سماعت کے دوران جسٹس امجد علی سہتو نے استفسار کیا کہ آپ نے مقتولین کے ورثاء کو اپنے دفتر میں بلا کر نوٹس وصول کروائے، پولیس چالان میں ملزمان نامعلوم کیوں ہیں؟ آپ خود کہتے ہیں کہ پولیس مشکوک افراد کی تلاش میں گئی تھی، اگر پولیس مقابلہ ہوا تو ملزمان نامعلوم کیوں ہیں؟ اگر مرنے والے جرائم پیشہ تھے تو ان کے ورثاء کو معاوضہ کیوں دیا گیا؟ 

ایس پی شہید بینظیر آباد نے عدالت میں کہا کہ پولیس اور مدعیٔ مقدمہ کا مؤقف ایک ہی ہے۔

عدالت نے کہا کہ پولیس کی اب تک کی تفتیش سے مطمئن نہیں ہیں۔

عدالت نے مقدمے کی تفتیش ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد کے سپرد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت  نے ڈی آئی جی کو مقتولین کے ورثاء کو بھی آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔

بعد ازاں عدالت نے درخواست کی سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید