نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمے دار ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے، معصوم بچوں کے قتل سے اسرائیل اپنی جنونیت کو پورا کررہا ہے۔
اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ جدید دور میں روابط اور راہداریوں سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، موسمیاتی تبدیلی ایک مستقل خطرے کے طور پر ابھر کر سامنے آرہی ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا کسی ایک ملک کے لیے ممکن نہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مربوط تعاون کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے اقوامِ عالم کو اقدامات کرنا ہوں گے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین میں معصوم بچوں کو بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے، معصوم بچوں کے قتل سے اسرائیل اپنی جنونیت کو پورا کر رہا ہے، دنیا میں انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سنجیدہ بنیادوں پر حل کیا جانا ضروری ہے، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے بنیادی حقوق کا استحصال کیا جارہا ہے، انسانیت کا استحصال کرنے والا بھارت خود کے لیے کیسے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرسکتا ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ افغانستان میں استحکام خطے کے لیے بہت ضروری ہے، افغانستان کے ساتھ ہمارے دیرینہ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں، جنوبی اور وسط ایشیائی ممالک کے درمیان معیشت اور توانائی کے لیے تعاون ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے بہت اچھے کاروباری تعلقات ہیں، ہمارے پڑوسیوں کو اپنا طرزِ عمل تبدیل کرنا ہوگا، بہتر معاشی تعلقات کے لیے ہمارے پڑوسی اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں، ہندوتوا ایک چیلنج کے طور پر بھارت میں سامنے آرہا ہے جبکہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترقی کے لیے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے، بین الاقوامی امن کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، بھارت خطے میں تصادم اور عدم استحکام کو ہوا دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رائے عامہ کی ہمواری میں حکومتیں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جدید دور میں پیش آنے والے چیلنجز سے نمٹنا ہو گا۔
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین کی معاشی ترقی کا سفر جاری رہے گا، چین نے معاشی طور پر ترقی کر کے دنیا کے لیے مثال قائم کی ہے۔