شوگر ملز مالکان نے حکومت سے مزید ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت مانگ لی۔
آل پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کے اعلامیے کے مطابق شوگر ملز کے پاس31 اکتوبر 2023ء تک 11 لاکھ 13 ہزار ٹن چینی کا ذخیرہ تھا، چینی کا فاضل اسٹاک 2 ماہ سے زائد تک چلے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ نئے کرشنگ سیزن کے آغاز نے انڈسٹری کو نازک صورتحال میں ڈال دیا ہے، چینی کی بین الصوبائی ترسیل کے انتظامی اقدامات سے سپلائی چین میں خلل آرہا ہے۔
اعلامیے کے ذریعے شوگر ملز مالکان نے مزید ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت مانگی ہے اور حکومت سے درخواست کی کہ ٹی سی پی کے ذریعے فاضل اسٹاک خرید کر صنعت کو بچائے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ فاضل چینی کے اسٹاک کو اسٹریٹجک ریزرو کے طور پر رکھا جائے، حکومت 5 لاکھ ٹن اضافی چینی کی دوسری قسط برآمد کرنے کی اجازت بھی دے سکتی ہے۔