اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) اسلامی نظریاتی کونسل نے خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانے کے معاملہ کی وضاحت کردی ہے اور مشروط اجازت دیدی ۔ وا لدین یا شوہر اجازت دیں، قابل اعتماد خواتین کی رفاقت حاصل ،فساد یا خطرے کا اندیشہ نہ ہو،اسلامی نظریاتی کونسل نے وزارت مذ ہبی امور کے استفسار پر تحریری جواب دے دیا ۔حا لیہ ایام میں وزارت مذہبی امور کے نام لکھے گئے اسلامی نظریاتی کونسل کے خط میں کہا گیا کہ اگر کسی عورت کو حج پر جانے کیلئے محرم میسر نہ ہو تو اگرچہ احناف و حنابلہ کے معروف مسلک کے مطابق ا س پر حج فر ض نہیں تاہم شوا فع و مالکیہ و جعفر یہ کے دلائل اور ظروف زمانہ کے تغیر کے پیش نظر شر یعت میں اس کے جواز کی گنجائش موجود ہے ،البتہ اس گنجائش کو اس شرط کے ساتھ مشروط کرنا چا ہئے کہ اس عورت کے وا لدین یا شادی شدہ ہو نے کی صورت میں اس کا شوہر اس کی اجازت دیں۔نیز اسے قابل اعتماد خواتین کی رفاقت حاصل ہو اور کسی قسم کے فساد یا خطرے کا اندیشہ نہ ہو۔وزارت مذہبی امور کی حج انتظامیہ کیلئے لازم ہو گا کہ ایسی عورت جس گروپ کے ساتھ حج پر جا رہی ہے اس گروپ کے بارے میں زیادہ چھان بین کرے اورگروپ کے بارے میں پوری طرح اطمینان کرنے کے بعد ہی اسےحج پر جانے کی اجازت دے۔